|رپورٹ: قادر سیاں|
حب کے علاقے جنگی گوٹھ کے قریب واقع ’’MixCerete‘‘پرائیویٹ لمیٹڈ کے مزدور گیارہ سے بارہ ہزار ماہانہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔ دھول مٹی اور آلودگی میں بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے کام کرنے والے مزدوروں کی تنخواہ اور دیگر مراعات کمپنی انتظامیہ کے چند افراد مل بیٹھ کر ہڑپ کرجاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کمپنی میں 55 سے زائد مزدور کام کرتے ہیں جن میں سے 15 افراد جن میں منیجر اور انتظامیہ کے دیگر لوگوں کو BESSI میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور دیگر مزدور BESSI اور EOBI میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ کمپنی میں دوران کام کچھ مزدور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث زخمی ہو تو ان کی مرہم پٹی کے بعد انہیں فارغ کر دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ کمپنی انتظامیہ مزدور کے تمام حقوق ہڑپ کررہی ہے اور مزدوروں کے متعلقہ ادارے بھی خاموش ہیں۔
گزشتہ دنوں مزدوروں کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر حب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کمپنی کا اچانک دورہ کیا اور کمپنی کی جانب سے ماحولیاتی و لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا اور مزدوروں کی سیفٹی یقینی بنانے سمیت لیبر قوانین اور ماحولیاتی قوانین پر من و عن عملدرآمد کے واضح احکامات دیے جو کہ کمپنی انتظامیہ نے اب تک پورے نہ کیے۔ بلکہ بتایا جاتا ہے کہ کچھ مزدوروں کو ڈرا دھمکا کر اور لالچ دیکر کمپنی انتظامیہ کے حق میں بیانات دلوائے گئے۔ اس سلسلے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ کمپنی کے چند مزدوروں نے تحریری درخواست اسسٹنٹ کمشنر حب کو دی جس پر کمپنی انتظامیہ مذکورہ مزدوروں کو کام سے فارغ کرنے سمیت دیگر ذرائع سے دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہے۔ مذکورہ مزدوروں سے زیادہ مشقت لی جارہی ہے اور انہیں کمپنی انتظامیہ کی جانب سے اس قدر جسمانی و ذہنی دباؤ میں لایا جارہا ہے کہ مزدور کمپنی سے نکل جائیں۔ تاہم مزدوروں نے ان تمام حربوں و مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب کمپنی انتظامیہ سے مبینہ جوڑ توڑ کرکے مزدوروں کا حق ہڑپ کرنے والے متعلقہ سرکاری اداروں کے ملازمین نے بھی کمپنی انتظامیہ کا ساتھ نبھانے سے معذرت کرلی ہے۔ مزدوروں کے مطابق اگر کمپنی انتظامیہ پندرہ ہزار تنخواہ سمیت دیگر سہولیات و مراعات نہ دے گی تو شدید احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ کمپنی مزدوروں نے اسسٹنٹ کمشنر حب سمیت جوائنٹ ڈائریکٹر لیبر و دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے MixCerete کمپنی انتظامیہ کی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور مزدور کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔
ریڈ ورکرز فرنٹ MixCereteکے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور محنت کشوں کو پیغام دیتا ہے کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی جدوجہد کا راستہ اپنائیں۔ اس کے علاوہ حقوق کی بحالی کا کوئی بھی راستہ فتح سے ہمکنار نہیں کر سکتا۔