|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، ملاکنڈ|
آئے روز بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، اجرتوں میں کمی، ٹھیکیداری نظام، نجکاری اور جبری برطرفیوں کے خلاف ریڈ ورکرز فرنٹ ملاکنڈ کی جانب سے 7 نومبر 2021ء کو تیمرگرہ دیرلوئر میں مزدور کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر سلیم خان، اتحاد اساتذہ کے ضلعی صدر مسلم خان، پرائیویٹ سکول ٹیچرز، سرکاری سکولوں کے اساتذہ، جرنلسٹس، بے روزگار نوجوانوں اور طلبہ نے شرکت کی۔
کنونشن میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی رہنما اور مزدور ٹی وی کے اینکر پرسن ولید خان، اور ریڈ ورکرز فرنٹ پشاور کے آرگنائزر خالد مندوخیل نے بھی شرکت کی۔
کنونشن میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض باسط عزیز نے سر انجام دیے۔
کنونشن کے پہلے مقرر ریڈ ورکرز فرنٹ خیبر پختونخوا کے صوبائی آرگنائزر صدیق جان تھے۔ صدیق جان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکمران طبقہ راتوں رات مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ کر رہا ہے۔ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ حکمران خود پر تعیش زندگیاں گزار رہے ہیں اور عوام کو کم کھانے اور صبر کے تلقین کررہے ہیں۔ ایسے میں محنت کشوں کو مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک گیر جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔
صدیق کے بعد ایپکا کے ضلعی صدر سلیم خان نے خطاب کیا۔سلیم خان کا کہنا تھا کہ عوام اس حکومت سے تنگ آچکے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ اس کے خلاف منظم جدوجہد کی جائے۔
سلیم خان کے بعد ریڈ ورکرز فرنٹ پشاور کے آرگنائزر خالد مندوخیل نے بات رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سرمایہ داری پوری دنیا میں شدید بحران کا شکار ہے جبکہ حکمران طبقہ اس بحران کا تمام تر بوجھ محنت کش طبقے پر ڈال رہا ہے۔ ایک طرف کروڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اور ان کے پاس اپنے بچوں کو کھانا دینے کے لئے کچھ نہیں ہے جبکہ دوسری طرف چند سرمایہ داروں کی دولت میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہواہے۔ اس لیے محنت کش طبقے کو سرمایہ داروں کے خلاف منظم ہو کر طبقاتی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔
خالد مندوخیل کے بعد اتحاد اساتذہ کے ضلعی صدر مسلم خان نے بات رکھی۔ مسلم خان نے ریڈ ورکرز فرنٹ کی جدوجہدکو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈ ورکرز فرنٹ کا پورے پاکستان کے محنت کشوں کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے ریڈ ورکرز فرنٹ کے ملک گیر عام ہڑتال کے نعرے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی یہاں ریڈ ورکرز فرنٹ اس طرح کا پروگرام منعقد کرے گا ہم ان کے ساتھ بھر پور تعاون کر ینگے۔
کنونشن کے آخری مقرر ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی رہنما اور مزدور ٹی وی کے اینکر پرسن ولید خان تھے۔ ولید خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے اندر بے روزگاری اورمہنگائی کی اصل وجہ اس وقت عالمی سطح پر سرمایہ داری کانامیاتی بحران ہے۔ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمران اعلانیہ اورغیراعلانیہ طور پر آئے روز مہنگائی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ولید خان نے مزید کہا کہ حکمران طبقے اور سرمایہ داری کے خلاف اس وقت پوری دنیاکے اندر احتجاج ہو رہے ہیں اس طرح پاکستان میں بھی محنت کشوں نے پچھلے عرصے میں حکومت کے مزدور کش اقدامات کے خلاف بھر پور لڑائی لڑی ہے۔ اس وقت پاکستان کا محنت کش طبقہ لڑنے کیلئے تیار ہے لیکن ہمیں اس لڑائی کو محنت کش طبقے کے نظریات یعنی سوشلزم پر منظم کرنا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر یہ لڑائی نہیں جیتی جا سکتی۔