| رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|
3 اگست 2020ء بروز جمعرات، ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے ریلوے کوئٹہ ڈویژن میں ریلوے کے محنت کش ساتھیوں کیساتھ ”ٹریڈ یونین کیا ہے؟ تاریخی جائزہ اور آج کی مزدور تحریک میں ٹریڈ یونینز کا کردار“ کے موضوع پر شاندار سٹڈی سرکل کا انعقاد ہوا۔ سٹڈی سرکل میں 17 کے قریب محنت کشوں نے شرکت کی۔ سٹڈی سرکل کا مختصر تعارف کامریڈ مجید زہری نے پیش کیا، جس میں اُنہوں نے ریڈ ورکرز فرنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ ورکرز فرنٹ ایک ایسا ملک گیر مزدور محاذ ہے جوکہ محنت کش طبقے کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کش طبقے کیعملی جدوجہد میں رہنمائی کیلئے سیاسی و نظریاتی تربیت کے حوالے سے سٹڈی سرکل کی کلیدی اہمیت ہے۔
اس کے بعد سٹڈی سرکل کے عنوان پر ریڈ ورکرز فرنٹ کے ساتھی کامریڈ کریم پرہر نے اپنی گفتگو کا آغاز کیا۔ اُنہوں نے ٹریڈ یونین کا مختصر تعارف کے پیش کیا۔ اس کے بعد اُنہوں نے ٹریڈ یونین کا عالمی و ملکی سطح پر مختصر تاریخی جائزہ پیش کیا۔ اس کے بعد آج کے موجودہ حالات اور بالخصوص مزدور تحریک میں ٹریڈ یونین کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد سوالات کا سیشن چلا اور سٹڈی سرکل کے دیگر شرکاء نے بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے آج کی ٹریڈ یونین قیادت پر کڑی تنقید کی۔ شرکاء نے کہا کہ اس وقت ٹریڈ یونین قیادت مزدور طبقے کو صرف ورغلاتی ہے، جبکہ آگے کا لائحہ عمل دینے سے گریزاں ہے۔ شرکاء نے سٹڈی سرکل کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عمل جاری رکھنا چاہیے۔
آخر میں محنت کشوں نے آئندہ کے سٹڈی سرکل کے انعقاد کے حوالے سے ہدف لیا اور سٹڈی سرکل میں بڑی تعداد میں محنت کشوں کی شرکت کا عہد کیا۔