رپورٹ: |گل زادہ صافی|
مورخہ 26 اپریل بروز پیرکو پنجاب بھر کے سرکاری سکولز کی نجکاری کے خلاف گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول موڑ ایمن آباد میں پنجاب ٹیچرز یونین(PTU) اور ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کے زیر اہتمام احتجاجی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین(PTU) کے تحصیل صدر ملک محمد الیاس نے کہا کہ اساتذہ سرکاری اسکولز کی نجکاری کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔اسکولز کو بچانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین(PTA)کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری کامریڈ گل زادہ صافی کا کہنا تھاکہ سرکاری اسکولز کو ناکام دکھا کر بیچنے کی پالیسی پر کافی عرصہ سے کام ہورہا تھا۔ سرمایہ داروں کی ان اداروں کی اربوں روپے مالیت کی عمارتوں اور اراضی پر نظر ہے۔ یہ ان اداروں کو اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعہ اونے پونے داموں خریدنا چاہتے ہیں۔ پرائیویٹ تعلیم جو کے پہلے ہی غریب عوام کی پہنچ سے با ہر ہوچکی ہے اب رہی سہی کسر سرکاری تعلیمی اداروں کی نیلامی سے پوری کی جارہی ہے۔ تقریب میں شریک اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ تعلیمی اداروں کی نجکاری روکنے کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک کے بہانے سے دریغ نہیں کرینگے۔ تقریب میں شریک اساتذہ نے یکم مئی کو ٹی ایم ہال میں منعقد ہونے والی عالمی یوم مزدور کانفرنس میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔