|تحریر: مائیک لیدن، ترجمہ: ولید خان|
عام طور پر RCMP (رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس۔ کینیڈین پولیس سروس) اور کمیونسٹوں کا ایک نکتے پر متفق ہونا ناممکن ہوتا ہے۔ لیکن آج سرمایہ داری کا گہرا بحران ہر وجود کے لئے خطرہ بن چکا ہے اور اب سرمائے کے سنجیدہ حکمت کاروں کے لیے اسے نظر انداز کرنا ممکن نہیں رہا۔ اس لیے اب یہ بھی انہی نتائج پر پہنچ رہے ہیں جن کا پرچار کمیونسٹ عرصہ دراز سے کر رہے ہیں، بہر حال وہ ہماری مخالف سمت میں کھڑے ہیں اور انقلاب سے خوفزدہ ہیں۔
انگریزی میں پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
ایک خفیہ RCMP رپورٹ کے مطابق جب محنت کشوں کو اپنی معاشی ناامیدی کا حقیقی ادراک ہو گا تو کینیڈا میں سماجی انتشار پھٹنے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔ گزشتہ ایک دہائی میں RCP (انقلابی کمیونسٹ پارٹی۔ آئی ایم ٹی کا کینیڈین سیکشن) کے کمیونسٹوں کا تمام تجزیہ ہی یہ رہا ہے کہ کینیڈا پر کمیونزم کا بھوت منڈلا رہا ہے۔ اس رپورٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ کوئی ہوائی بات نہیں بلکہ ایک مسلمہ حقیقت ہے۔
سرمایہ داری کا عالمی بحران یکے بعد دیگرے ہر ملک کو جھنجھوڑ چکا ہے۔ عوام کی انقلابی تحریکوں نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ تاحال کینیڈا ایک دیوہیکل محنت کش تحریک سے بچا رہا ہے۔ لیکن پرسکون استحکام کی اس خوبصورت تصویر کے نیچے تاریخ کی زرخیز مٹی میں ایک چھچھوندر ہے جو مسلسل کھدائی کر رہا ہے اور وقت آنے پر سب کچھ پھٹ کر باہر آ جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ”کساد بازاری کا آنے والا دور۔۔۔نوجوانوں کے معیار زندگی میں گراوٹ کو تیز تر کر دے گا جو پہلے ہی پچھلی نسلوں کے مقابلے میں کم تر زندگی گزار رہے ہیں۔۔۔مثلاً 35 سال سے کم عمر کینیڈین نوجوانوں کی اکثریت کو گھر خریدنا نصیب نہیں ہو گا۔“ افراط زر، رہائش کا بحران، قرضوں کا بحران اور زندگی کی عمومی گراں قدری کئی سالوں سے محنت کشوں کا خون نچوڑ رہے ہیں اور جلد یا بدیر کچھ نہ کچھ ہو کر رہے گا۔ خطرہ اتنا گھمبیر ہے کہ اس رپورٹ میں حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ محنت کشوں کو درپیش معاشی بدحالی کے نتیجے میں ”واضح سماجی اور سیاسی پولرائزیشن“ بڑھ رہی ہے جس کا نتیجہ ”سماجی انتشار“ یا انقلاب ہو سکتا ہے۔
لیکن اس ”لاتعداد“ بحران کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔ کینیڈا میں سرمایہ دارانہ نظام دائمی انحطاط کا شکار ہے۔ ایک حالیہ OECD رپورٹ کے مطابق 2020-2030ء کی ایک دہائی میں کینیڈا ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ برباد حال معیشت تھی۔ اس دورانیے میں کینیڈا زیادہ سے زیادہ سالانہ شرح نمو 0.7 فیصد ہی حاصل کر سکتا ہے۔ اس حقیقت پر RCMP رپورٹ میں تبصرہ کیا گیا ہے کہ ”اگلے پانچ سالوں اور اس کے بعد بھی معاشی پیش گوئی گھمبیر ہی ہے“ اور معیار زندگی ”اگلے پانچ سالوں میں برباد ہی ہو گا“۔ آنے والے دور میں محنت کش مستقبل کے حوالے سے مایوس ہوں گے اور یقینا طبقاتی جدوجہد کا میدان تیزی سے گرم ہو گا۔
آج سرمایہ داری پوری دنیا میں پیداواری قوتوں کو ترقی دینے میں بانجھ ہو چکی ہیں۔ اس کا اظہار معاشی، سیاسی حتیٰ کہ پورے سرمایہ دارانہ نظام کی اخلاقی بربادی میں بھی ہو رہا ہے۔ نوجوانوں اور محنت کشوں کے لئے ہر چیز گل سڑ چکی ہے اور اس کا تعفن پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔ رپورٹ میں رونا دھونا ہے کہ ”تمام جمہوری اداروں میں بداعتمادی مسلسل بڑھ رہی ہے“۔ لیکن ان سے زیادہ اندھا کوئی نہیں جو دیکھنے سے ہی انکاری ہیں۔ RMCP ”غلط معلومات“، ”سازشی مفروضوں“ اور ”خوف و ہراس“ کو مورد الزام ٹھہراتی ہے جس نے ”اعتماد میں کمی“ پیدا کی ہے اگرچہ خود ہی پہلے اس رپورٹ میں نشاندہی بھی کی ہے کہ کینیڈا میں معیار زندگی مسلسل گر رہا ہے اور معاشی بحران تیزی سے گہرا ہو رہا ہے۔
یقینا حکمران طبقے کے لئے وہ تمام محنت کش اور نوجوان غلط معلومات سے گمراہ ہیں جو سرمایہ داری کی دلدل سے باہر نکلنے کا انقلابی راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو کمیونسٹ فخر سے یہ ”غلط معلومات“ پھیلاتے ہیں۔۔۔امراء دن رات رنگ رلیاں منا رہے ہیں جبکہ غرباء ”مایوسی، کمر توڑ محنت کی اذیت، غلامی، جہالت، ذہنی پراگندگی“ میں ڈوب رہے ہیں، سرمایہ داری اپنی تاریخی عمر پوری کر چکی ہے اور اب اس کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا ہے اور انسانیت کی واحد راہ نجات کمیونزم کی جدوجہد ہے۔ کمیونسٹوں کے پاس نظریات ہیں لیکن یہ کوئی ”سازشی نظریات“ نہیں ہیں۔ یہ مارکسی نظریات ہیں، محنت کش طبقے کا واحد ہتھیار، جن کے ذریعے سرمایہ داری کی ہولناکی سے آزادی حاصل کی جا سکتی ہے اور انقلابی کمیونسٹ پارٹی ان نظریات کا جرات مندی سے دفاع کرتے ہوئے انہیں محنت کشوں اور نوجوانوں تک پہنچائے گی۔
سوشل میڈیا پر بیٹھ کر سکرولنگ کرنا اور لیفٹ ونگ پوڈ کاسٹوں کو سنتے رہنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اب آستین چڑھا کر جدوجہد کرتے ہوئے سرمایہ داری کی اس غلاظت سے آزادی حاصل کرنے کا وقت شروع ہو چکا ہے۔
انقلاب اور کمیونزم اب یوٹوپیا نہیں ہیں۔ یوٹوپیا یہ ہے کہ اس گلے سڑے نظام کی حاکمیت کو مزید قبول کیا جائے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے اپنے لئے ایک سادہ ہدف تعین کر رکھا ہے کہ ایک ایسی تنظیم تعمیر کرنی ہے جو اس آنے والے انقلاب کو ایک کمیونسٹ فتح کے منطقی انجام تک پہنچائے۔ ہم تمام کمیونسٹ محنت کشوں اور نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس پارٹی، اپنی پارٹی میں ممبرشپ حاصل کریں۔