|رپورٹ: ریڈورکرزفرنٹ، فیصل آباد|
3دسمبر بروزاتوارشام5 بجے چھٹے میل میں ’’پاور لومز کے محنت کشوں کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان سے ریڈ ورکرز فرنٹ نے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں پاور لومز کے چھٹے میل، ساتویں میل، دھاندرہ، بلوموڑ کے محنت کشوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے انعقاد میں محنت کش ساتھیوں نے بھرپور خدمات سرانجام دیں بالخصوص پاورلومز کے چھٹے میل کے محنت کشوں میاں نوید، اشفاق، ندیم، رفیق اور شکیل جنہوں نے اس پروگرام کو آرگنائز کروایا۔
پروگرام کے آغاز سے پہلے انقلابی نغمے چلائے گئے پروگرام کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض بابوولیم نے ادا کیے اور پروگرام کا آغاز عبداللہ رحمت نے کیا جس میں انہوں ریڈورکرزفرنٹ کا تعارف کروایا اور بتایا کے یہ محنت کشوں کے حقوق کی لڑائی منظم کرنے کا پلیٹ فارم ہے جو تمام محنت کشوں کو طبقاتی بنیادوں پر اکھٹا کرتا ہے اور اس استحصال کے خلاف ایک منظم لڑائی کو جاری رکھتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم تمام محنت کشوں پر ہونے والے ظلم، استحصال، جبر اور ان کے حل کو ناصرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے محنت کشوں تک پہنچاتاہے۔ اسکے بعد انہوں نے پاورلومزکے مالکان کی طرف سے کئے گے لاک آؤٹ پر بات کرتے ہوئے بتایا کے پاور لومز کی صنعت ابھی بھی نقصان میں نہیں چل رہی لیکن ہاں فیکٹری مالکان کی شرح منافع میں ضرور کمی ہوئی ہے جس کو پورا کرنے کے لیے مزدوروں کی اجرت میں کمی کرکے اپنی شرح منافع کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اخترمنیرنے بتایا کہ اس وقت پوری دنیا کے محنت کشوں کے حالات پاکستان کے محنت کشوں کے حالات سے مختلف نہیں ہیں اس لیے پوری دنیا کے محنت کشوں کو مل کر ایک ایسا نظام لانا ہوگا جو دنیابھر کے محنت کشوں کے دکھ اورتکلیفوں کا ازالا کرے۔ امجد آزادنے نظم کے ذریعے محنت کشوں کواپنا پیغام سنا یا۔
آخر میں ریڈورکرفرنٹ کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر آفتاب اشرف نے بات کو سمیٹتے ہوئے بتایا کے اگست میں پاورلومز کے محنت کشوں کی گورنمنٹ کی طرف سے کیے گے 10فیصد اضافے پر بننے والی تحریک کو پاور لومزکی ٹریڈیونین قیاد توں نے زائل کیا اور محنت کشوں کے اعتمادکو ٹھیس پہنچائی ہے اور یہ ان قیادتوں کی نا اہلی اور غداری کا منہ بولتا ثبوت ہے انھوں نے بتایا کہ اس تحریک کو کامیاب کیا جا سکتا تھا اگر اہل اور نا بکنے والی قیادت موجود ہوتی۔ انہوں نے اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں ان قیادتوں کو رد کر تے ہوئے اپنے نوجوان محنت کشوں میں سے قیادتیں تعمیر کر نی ہوں گی جو اہل اور نہ بکنے والی ہوں۔ ساتھ اس قابل بھی ہوں کے فوری مطالبات کے ساتھ ساتھ سرمایہ داری کو اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد کو بھی منظم کر سکیں جو محنت کشوں کے تمام تر دکھوں اور محرومیوں کی بنیاد ہے۔
آگے بڑھو ساتھیو فتح ہماری ہوگی۔