|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر|
راولاکوٹ میں یکم مئی کو RWF اور PYA کی جانب سے اجتماعی ریلی نکالی گئی جس میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز احاطہ کچہری سے ہوا۔ ریلی میں مہنگائی، بیروزگاری، ٹھیکیداری، سرمایہ داری کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ ریلی سے شرکا نے خطاب کیے اور شکاگو کے محنت کشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شرکا سے خطاب PYAکشمیر کے جنرل سیکرٹری عبید زبیر، RWFکے عہدیداران نعیم آکاش، امجد حسین امجد اور PWD کے عہدیدار آزاد خان نے خطاب کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اندر دو طرح کے طبقے موجود ہیں؛ ایک امیر اور دوسرا غریب۔ امیر اس وقت دنیا کے اندر حکمرانی کر رہا ہے جبکہ غریب طبقہ اس دنیا کو چلا رہا ہے اور اس طبقے سے دن بدن سانس لینے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔ خاص کر آئے روز پاکستان کے اندر ہونے والی نجکاری محنت کشوں کی زندگی کو مسلسل عذاب میں دھکیل رہی ہے ۔ مستقل روزگار ختم کیا جا رہا ہے اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں اس سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد بھی تیز ہو رہی ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی مختلف اداروں میں جدوجہد جاری ہے لیکن ابھی تک یہ جدوجہد ان اداروں کی حد تک محدود ہے۔ ان جدوجہدوں کو آپس میں جوڑ کر ایک مشترکہ لڑائی وقت کی ضرورت بن چکی ہے تاکہ حکمرانوں کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے اور یہی یوم مئی 2018ء کا پیغام ہے۔اس کے بعد ریلی کے شرکا نے PWD کے ملازمین کے ساتھ یکجہتی کی ۔ PWD کے پروگرام میں شرکت کی جہاں یہ RWF کی جانب سے شائع کیا گیا اور پمفلٹ تقسیم کیا گیااور ورکر نامہ سیل کیا گیا۔