انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کے ساتھ یکجہتی کا اعلان!

|تحریر: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، پاکستان|

انقلابی کمیونسٹ پارٹی، پاکستان، بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تحریک کے تمام مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ ہم شیخ حسینہ حکومت کے جبر و تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جو اب تک کم از کم 200 افراد کو قتل اور ہزاروں کو زخمی کر چکی ہے۔ اس وقت پورے ملک میں کرفیو نافذ ہے۔ فوج کو ڈھاکہ کی سڑکوں پر نظر آتے ہی گولی مارنے کے حکم کے ساتھ تعینات کیا جا چکا ہے۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

پاکستان میں ہم بھی پاکستانی ریاست کے جبر و تشدد کا شکار ہیں جو پچھلے کئی مہینوں اور سالوں سے یہی پالیسیاں مسلط کر رہی ہے۔ بنگلہ دیش کی طرح یہاں بھی طلبہ کو تاریخی بے قابو افراط زر اور خوفناک بیروزگاری کا سامنا ہے اور فیسوں میں مسلسل اضافہ نوجوانوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا شجرہ ممنوعہ بناتا جا رہا ہے۔ اگر کچھ خوش قسمت ڈگری حاصل کر بھی لیتے ہیں تو خوفناک بیروزگاری منہ پھاڑے انہیں نگلنے کی منتظر ہوتی ہے۔ پاکستانی نوجوانوں کے پاس بھوک، غربت اور مایوسی کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔

دونوں ممالک کے محنت کشوں کو سرمایہ دارانہ بحران کے ہولناک بوجھ اور سامراجی لوٹ مار کا سامنا ہے۔ دونوں ممالک کے حکمران طبقات کی طرف سے بحران زدہ سرمایہ دارانہ نظام عوام پر مسلط ہے اور جانوروں سے بدتر زندگی مقدر بنا دی گئی ہے۔ دوسری طرف دونوں ممالک کے امراء دولت کے سمندر میں ڈبکیاں لگاتے زندگی کی ہر لذت بھنبھوڑ رہے ہیں۔ وہ کام کی جگہوں پر انتہائی خوفناک حالات اور کم ترین اجرتوں کے ذریعے محنت کشوں کا استحصال کر رہے ہیں تاکہ مقامی اور عالمی سرمایہ داروں کے لیے دیوہیکل منافعے یقینی بنائے جائیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات دہائیوں پرانے ہیں۔ 1971ء کے واقعات کے نتیجے میں بنگلہ دیش آزاد ہوا اور یہ وہ واقعہ تھا جس کے سائے آج بھی دونوں ملکوں کے تعلقات پر چھائے ہوئے ہیں۔ ہم انقلابی کمیونسٹ ہیں اور ہم 1971ء میں بنگلہ دیش کی جنگِ آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پاکستانی فوج اور اس کے ہاتھوں مسلح کیے گئے اسلامی انتہاء پسندوں کی جانب سے کیے گئے دل دہلا دینے والے تمام جرائم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جن کے نتیجے میں لاکھوں معصوم بنگالیوں کا قتل عام ہوا اور دسیوں ہزاروں بنگلہ دیشی خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ ان جرائم کو کوئی نہیں بھولا ہے اور ان کی سزا ملنا لازم ہے۔ مجرموں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا۔

یہ اسی صورت میں ممکن ہے اگر ہم پاکستان میں ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ہماری پارٹی کا یہی ہدف ہے اور ہم پورے ملک میں اپنی قوتیں تعمیر کر رہے ہیں۔

ہم ایک مرتبہ پھر بنگلہ دیش کے انقلابی طلبہ کی مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اور شیخ حسینہ کی قاتل حکومت کے خلاف ان کے تمام مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک زندہ باد!
بنگلہ دیش کا محنت کش طبقہ زندہ باد!
قاتل شیخ حسینہ حکومت مردہ باد!
سرمایہ داری مردہ باد!
کمیونزم زندہ باد!
دنیا بھر کے محنت کشوں ایک ہو جاؤ!

Comments are closed.