یہ اہم دستاویز پارٹی کی تاسیسی دستاویز کے طور پر تاسیسی اجلاس میں پیش کی جا رہی ہے۔ اس دستاویز پر ملک بھر میں موجود پارٹی کے ممبران بحث و مباحثے کے بعد ووٹنگ کریں گے اور پارٹی کی بنیادی دستاویز کے طور پر اس کا فیصلہ کریں گے۔ اس دستاویز میں جہاں عالمی و ملکی حالات کا تجزیہ و تناظر پیش کیا گیا ہے وہاں انقلاب کی جدوجہد کو منظم کرنے کی ضرورت اور لائحہ عمل پر بحث کی گئی ہے۔
اس وقت ملک میں ایسی کوئی بھی سیاسی پارٹی موجود نہیں جو محنت کش طبقے کے مفادات کی ترجمانی کرے اور اس طبقے کی بکھری ہوئی لڑائیوں کو سمیٹتے ہوئے سرمایہ دار طبقے کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ کا آغاز کرے۔
یہی وجہ ہے کہ انقلابی کمیونسٹ اس ملک میں ایک نئی پارٹی کے قیام کی جانب بڑھ رہے ہیں جو اس ملک کی سیاسی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔ یہ عمل انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں جاری ہے اور دنیا کے درجنوں ممالک میں ایسی ہی پارٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔
یہاں بننے والی پارٹی اسی عمل کا حصہ ہے اور اس انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے انقلابی کمیونسٹ دنیا بھر کے محنت کشوں کو یکجا کرنے اور ان کی ایک انقلابی پارٹی بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
ملک کے موجودہ ابتر حالات اور سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی ہر خاص و عام پر عیاں ہو چکی ہے، جبکہ سطح پر کوئی بھی متبادل موجود نہیں۔ حکمران طبقے سے نفرت اور اس کے خلاف غم و غصہ انتہاؤں کو چھو رہا ہے۔ اس صورتحال کی عکاسی ملک میں ابھرنے والی متعدد عوامی تحریکوں میں بھی ہوتی ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں عوام اس نظام سے نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
لیکن ان تحریکوں کی حادثاتی قیادتوں کے پاس نظام کو اکھاڑ پھینکنے کا کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی کوئی لائحہ عمل۔ یہی وجہ ہے کہ یہ قیادتیں کچھ عرصے بعد تحریک کے رستے میں رکاوٹ بن جاتی ہیں اور تحریکوں کو ماضی کے فرسودہ نظریات اور سرمایہ دارانہ نظام کی حدود میں ہی قید رکھتی ہیں۔
دوسری جانب تحریکوں میں شامل ہونے والے لاکھوں لوگ آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہیں لیکن ان کے پاس کوئی نظریاتی پلیٹ فارم موجود نہیں۔ آنے والے عرصے میں یہ تحریکیں زیادہ شدت سے ابھریں گی، ان کا حجم اور عزم بڑھتا چلا جائے گا اور یہ اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے زیادہ انقلابی نتائج اخذ کریں گی۔
اس صورتحال میں انقلابی کمیونسٹوں کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ نہ صرف ان تحریکوں کے ساتھ ہر مشکل اور مصیبت میں کھڑے رہیں بلکہ ان کو آگے کا رستہ بھی دکھائیں۔ یہی نہیں بلکہ اس رستے پرابتدائی قدم بھی اٹھائیں اور تحریکوں کو اپنے ساتھ جیتتے ہوئے منزل کی جانب بڑھتے جائیں۔ اس دستاویز میں یہی لائحہ عمل اور طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ انقلابی پارٹی کا ڈسپلن بھی دیگر تمام فرسودہ پارٹیوں سے مختلف ہوتا ہے جو اس دستاویز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ پارٹی جمہوری مرکزیت کے اصولوں کے تحت قائم کی جا رہی ہے جس میں کسی مسیحا یا ”بڑی“ شخصیت کے بوجھ تلے پارٹی بنانے کی بھونڈی کوشش نہیں کی گئی بلکہ ایک اجتماعی قیادت کے ذریعے انقلاب کو کامیاب کرنے کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔
اس پارٹی کا ممبر بننے والا ہر شخص لیڈر ہے اور پارٹی کے تمام فیصلوں میں شریک ہے۔ پارٹی کی کانگریس اس کا سب سے بالائی ادارہ ہے جس میں تمام ممبران تناظر اور لائحہ عمل کی تخلیق کے عمل میں شریک ہوتے ہیں۔
1917ء میں لینن اور ٹراٹسکی کی قیادت میں سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے والی بالشویک پارٹی کی طرح اس پارٹی کی بنیاد اس کا کمیونزم کا نظریہ ہے جس پر اس کے تمام ادارے، قیادت، تناظر اور لائحہ عمل تعمیر ہوتے ہیں۔
ان نظریات پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنا اور مشکل سے مشکل حالات میں حکمران طبقے کے دشمن نظریات اور سیاست کے خلاف برسر پیکار رہنا اس پارٹی کا نصب العین ہے۔
انہی نظریات کے تحت پارٹی ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے یہاں سے سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کا عہد کرتی ہے تاکہ اس سماج سے بھوک، بیماری، محرومی، ظلم، جبر اور ہر طرح کے استحصال کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور ترقی اور خوشحالی کے سفرکا آغاز کیا جائے۔
پارٹی کی تاسیسی دستاویزات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ذرائع سے رابطہ کریں۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا منشور و دستور پڑھنے کے لیے ڈاؤنلوڈ کے بٹن پہ کلک کریں