|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، کشمیر|
ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کا اپنے مطالبات کے حق میں جاری احتجاج دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ راولاکوٹ میں ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن پونچھ کے زیر اہتمام قلم چھوڑ ہڑتال اور دھرنا دو ماہ سے جاری ہے۔
ملازمین کے مطالبات میں کنٹریکٹ، ایڈہاک، عارضی ملازمین کی مستقلی، درجہ چہارم کے ملازمین کی اپ گریڈیشن، یوٹیلٹی اور پیادہ الاؤنس کی ادائیگی، ایگزیکٹو الاؤنس کی طرز پر ڈیڑھ گنا روینو الاؤنس کی ادائیگی، رولز 1991ء اور1993ء پر منسٹریل سٹاف کی تعیناتی، فکس ٹی اے برائے ڈرائیور، نئے ملازمین کی بھرتیاں اور دیگر مطالبات کی منظوری شامل ہیں۔
ایک ماہ بیس دن جزوی ہڑتال جاری رہی جسے حکمرانوں نے یکسر نظرانداز کرتے ہوئے مکمل بے حسی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ملازمین مکمل ہڑتال کی طرف گئے ہیں۔ آج مکمل کام چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی دھرنا 25 ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
احتجاجی ملازمین میں حکمرانوں کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ملازمین اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔ احتجاجی دھرنے میں RCP انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں سمیت مختلف ملازمین تنظیموں کے وفود شریک ہوئے اور مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کے جو ملازمین راولاکوٹ میں احتجاج کر رہے تھے ان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ لیکن احتجاجی ملازمین اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے آخری حد تک لڑنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی احتجاج کرنے والے ملازمین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ ہم گرفتار کیے جانے والے تمام ملازمین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور ان کے حقوق کی اس لڑائی میں آخری دم تک لڑنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔