|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، راولاکوٹ|
10فروری کو آل پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین نے راولاکوٹ میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا۔ اس احتجاجی ریلی میں ضلع پونچھ کے مختلف اداروں سے ہزاروں ملازمین نے شرکت کی جن میں محنت کش خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل تھیں۔ اس احتجاجی ریلی کا آغاز ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے کیا گیا اور حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔
شہر بھر میں مارچ کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں جلسہ منعقد ہوا جس میں پنشن اصلاحات کی واپسی، کنٹریکٹ اور اڈہاک ملازمین کے لیے مستقل روزگار کی فراہمی، ہسپتال میں ایل پی یا لوکل پرچیز کی بحالی، فیلڈ ورکرز اور دفتری اوقات پر بائیو میٹرک سسٹم کے خاتمے، پی ڈی اے ملازمین کی تنخواؤں کے فوری اجراء سمیت دیگر مسائل کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ جلسے میں ”آزاد“ کشمیر کے تمام سرکاری اداروں کی ملازمین تنظیموں اور فیڈریشنز پر مشتمل کنفیڈریشن کی باڈی کا بھی اعلان کیا گیا۔
ملازمین تنظیموں پر مشتمل فیڈریشن کی قیادت نے حکومت کو 20 فروری تک کا وقت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر جملہ مسائل حل نہ کیے گئے تو ملازمین کے تمام مسائل حل ہونے تک ملک گیر سطح پر کام چھوڑ عام ہڑتال کے ساتھ ساتھ ہر حد تک جدوجہد جاری رہے گی۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے بھی اس احتجاجی ریلی میں شرکت کی اور پبلک سیکٹر کے محنت کشوں کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملازمین نے مزدورں کے ماہانہ اخبار ’کمیونسٹ‘ میں زبردست دلچسپی دکھائی اور بڑی تعداد میں یہ اخبار خریدا۔