|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، راولاکوٹ|
غیر جریدہ فنی ملازمین محکمہ برقیات آزاد کشمیر کے مرکزی صدر اعجاز شاہسوار کی گرفتار کے خلاف جمعے کے روز راولاکوٹ شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں یونین کے محنت کشوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات پونچھ کے صدر عبدالقیوم اور دیگر اہلکاران نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعجاز شاہسوار کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ برقیات آپریشن ڈویژن راولاکوٹ کے نائب مہتمم نے ایک ماہ قبل کچھ فنی ملازمین کاغیر قانونی تبادلہ کیا جس پر فنی ملازمین کے مرکزی صدر اعجاز شاہسوار نے نائب مہتمم کو ملازمین کے تبادلہ پر نظر ثانی کی درخواست کی جس پر نائب مہتمم نے اس مطالبہ کو غلط رنگ دیتے ہوئے اعجاز شاہسوار اور ندیم بٹ کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ایف آئی آر درج کرائی اور انہیں گرفتار کروا دیا ۔
مقررین کا کہنا تھا کہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کی طرف سے ہونے والی اس ناانصافی میں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اعجاز شاہسوار اور دیگر اہلکاران کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے اور ساتھ ہی تمام تر دفاتر بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) اس اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے اور غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات کے مرکزی صدر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ۔