|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے عالمی وبا کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی تدابیر کے طور پر استعمال ہونے والے حفاظتی آلات کی عدم دستیابی کے خلاف صوبائی حکومت کو اڑتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم جاری کیا ہے جو کہ کل صبح تک پورا ہوجائیگا۔ واضح رہے کہ اس وقت بلوچستان میں 6 ڈاکٹرز اور ایک پیرا میڈیکس سٹاف کا ٹیکنیشن کرونا وائرس سے متاثر ہوکر ہسپتال میں داخل ہیں۔ جبکہ ایک درجن کے قریب ڈاکٹرز کے ٹیسٹ آنے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کے صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہیلتھ یونٹس میں تاحال پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹس (PPEs)،اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکی ہیں، اور محکمہ صحت ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس کی فراہمی اور موجودہ حالات کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر غیر سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری اور سپیشل سیکریٹری صحت کی غفلت اور غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ شیخ زید ہسپتال منتقل کئے گئے کرونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کو بھی سہولیات میسر نہیں کی جارہی ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ڈاکٹر کمیونٹی اور ان کے خاندانوں میں بڑھتے ہوئے خوف کا سبب بن رہی ہے۔ ترجمان وائے ڈی اے کا کہنا تھا کہ صوبے کے واحد کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کیے گئے شیخ زید ہسپتال کی حالت انتہائی قابل تشویش ہے مگر ان سب تحفظات کے باوجود صوبے کے ڈاکٹر حکومتی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے باوجود وسیع تر عوامی مفاد میں حفاظتی آلات کے بغیر مکمل یکسوئی کیساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگلے 48 گھنٹوں میں ڈاکٹروں کو درپیش خدشات دور کرنے کیلئے عمل اقدامات تیز کئے جائیں۔اگر حکومتی بے حسی اور غفلت برقرار رہی تو سخت لائحہ عمل اپنانے پر مجبور ہوں گے،جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت بلوچستان پر عائد ہوگی۔ دوسری طرف چیف سیکرٹری بلوچستان نے پریس کانفرنس میں یہ بتایا ہے کہ اس وقت بلوچستان میں حفاظتی کٹس کی کوئی کمی نہیں ہے، جبکہ مزید 60 ہزار کے قریب کٹس آرہے ہیں، مگر اس کے باوجود روزانہ کے طور پر سوشل میڈیا کے اوپر نہ صرف بلوچستان سے بلکہ پورے ملک سے طبی عملے کے ساتھی حفاظتی آلات کی غیر موجودگی کا انکشافات کر رہے ہوتے ہیں۔
ریڈ ورکرز فرنٹ، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے حکومت کو دیے گئے اڑتالیس گھنٹوں کی الٹی میٹم کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اس ضمن میں ریڈ ورکرز فرنٹ ینگ ڈاکٹرز بلوچستان سمیت ملک بھر کے طبی عملی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ اور صوبائی حکومتیں بلوچستان سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جلد از جلد ینگ ڈاکٹرز سمیت دیگر تمام طبی عملے کو اس کرونا وائرس سے لڑنے کیلئے حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بصورت دیگر کوئی بھی جانی نقصان کی ذمہ دار نااہل صوبائی حکومت اور دلال افسرشاہی ہوگی۔