رپورٹ:| ریڈ ورکرز فرنٹ، بلوچستان|
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) بلوچستان اور پیرا میڈیکس فیڈریشن کا اپنے مطالبات کے حق میں دیا جانے والادھرناجو کہ 25 مئ سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری تھا گذشتہ رات کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکس کی قیادت نے گذشتہ رات پریس کانفرنس میں اس کامیابی کی خوشخبری سنائی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے جاری کیا گیا ایگزیکٹیوآرڈر میڈیا کے سامنے پیش کیا جس میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے تمام مطالبات کی منظوری دی گئی تھی۔ پریس کانفرنس میں وزیرصحت رحمت صالح بلوچ، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر زمرک خان اچکزئی، YDA بلوچستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ مندوخیل اور پیرامیڈیکس فیڈریشن کے صوبائی صدر فضل کاکڑ موجود تھے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اور پیرا میڈیکس گذشتہ سولہ روز سے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور مشینری کی فراہمی، تنخواہوں میں اضافے، سروس سٹرکچر، طلبہ کے سکالرشپ میں اضافہ، پوسٹوں میں اضافہ، ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس، رسک الاؤنس اور ڈاکٹر اسد کاکڑ کے لیے مالی معاونت اور دیگر مطالبات کے لئے دھرنا دیے ہوئے تھے۔ اس دوران کئی مرتبہ حکومتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور حکومت کی طرف سے مطالبات منظور کر نے کی کئی یقین دہانیاں کروائی گئیں مگر نوٹیفیکیشن جاری نہ ہوا جس کی وجہ سے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس نے دھرنا جاری رکھا۔ گذشتہ روز ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے نمائندوں پر مشتمل منتخب شدہ کمیٹی، حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں اپنے تمام مطالبات منوانے میں کامیاب ہوئی جس کے نتیجے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی طرف سے ان مطالبات کی منظوری اور عملدرآمد کے لئے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا گیا۔ پریس کانفرنس کے بعد میں دھرنے کے شرکا سے YDA بلوچستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ مندوخیل اور پیرامیڈیکس کے صوبائی صدر فضل کاکڑنے خطاب کیا جس میں دونوں مقررین نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد پیش کی۔ آخر میں دونوں مقررین نے مختلف ٹریڈ یونینز، محنت کشوں کی تنظیموں، سیاسی پارٹیوں اور خصوصی طور پر ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس جدوجہد کے دوران میں نہ صرف ان کی حمایت کی بالکل ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑے رہے۔