رپورٹ: |ریڈ ورکرز فرنٹ|
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(YDA) بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل، نائب صدر ڈاکٹر حیات ساسولی اور پیرامیڈیکس کے جنرل سیکرٹری نے آج کوئٹہ پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز پہلے چار ماہ احتجاج پر رہے پھر حکومت کی طرف سے وزیراعلیٰ کے ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے ہمارے اور پیرامیڈیکس کے مطالبات منظور کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن افسوس کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود ہمارے مطالبات پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا۔
اس چار ماہ کے دوران ہم نے کئی بارسیکرٹریٹ کے چکر لگائے اور چیف سیکرٹری سے ملاقات کی کوشش کی لیکن ہر مرتبہ ہمیں مایوس کیا گیا اس دوران ہم نے آخری حد تک کوشش کی کہ احتجاج کی طرف نہ جایا جائے لیکن ہمیں کوئی امید نظر نہیں آئی آخر کار مجبور ہو کر ہم نے 26 ستمبر کو تین دن کے لیے ٹوکن ہڑتال کا اعلان کیا۔ ہمارے احتجاجی لائحہ عمل کے مطابق تین دن کیلئے ٹوکن پھر تین دن کے بعد احتجاج کو مزید وسعت دے کر او پی ڈی کو بند کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کا اعلان کرنا تھا لیکن ایک مرتبہ پھر ہم نے اپنی آخری کوشش کی اور حکومت کو 48گھنٹے یعنی دو دن کی مزید مہلت دی لیکن ہمیں افسوس سے کہنا پڑرہاہے کہ آ ج 48گھنٹوں کی مہلت ختم ہوگئی ہے اور ابھی تک ہمارے مطالبات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکا اور ہم مجبوراً کل سے پورے بلوچستان کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مکمل OPD ہڑتال ایک ہفتہ کیلئے ہوگی اور اگر اس دوران بھی مطالبات کا نوٹیفکیشن نہ نکلا تو ایک ہفتہ بعد اپنی ہڑتال کو مزید سخت کردینگے جس کے لائحہ عمل کا اعلان ایک ہفتے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے کردیا جائے گا ۔
آج کل ٹراماسینٹر اور کارڈیک سینٹر کے حوالے سے جو خبر یں آرہی ہیں اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے بار ہا میڈیا کے ذریعے حکومت کو متوجہ کیا کہ ٹراماسینٹر میں پرانا بوسیدہ سامان ہسپتالوں سے لایا جارہا ہے۔ ہمیں اور عوام کو یہ بتایا جائے کہ ٹراما سینٹر کیلئے مختص فنڈز کہاں پر خرچ کئے گئے ہیں ابھی تک ہمارے ان سوالات کے جواب نہیں دئیے گئے۔ کارڈ یک سینٹر کے منتقلی کے حوالے سے سب سے پہلے آواز ینگ ڈاکٹرز نے اٹھائی اور اس حوالے سے ہم ہائیکورٹ کے آرڈر کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ینگ ڈاکٹرز ہمیشہ صحت سے متعلق عوام کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔
ریڈ ورکرز فرنٹ ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے مطالبات کی غیر مشروط حمایت کرتا ہے اور ان کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گا۔