|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|
پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے محنت کشوں کے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کے117 ویں روزکے موقع پر احتجاجی ریلی اور جلسے کا منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ پی ڈبلیو ڈی کمپلیکس سے نکل کر سول سیکرٹریٹ کے سامنے ہاکی چوک پر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگیا۔ جلسے سے مقررین کا خطاب جاری ہی تھا کہ ان کو اطلاع ملی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پریس کلب میں موجود ہیں تو مظاہرین نے پریس کلب کی طرف مارچ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے جلسہ کیا۔ جلسے سے بلوچستان لیبر فیڈریشن کے حاجی بشیر، حاجی خان زمان اور پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے صوبائی صدر قاسم کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات کے لیے پچھلے 5 مہینوں سے احتجاج پر ہیں مگر نااہل صوبائی حکومت کو کوئی فکر ہی نہیں ہے۔ مگر آج ہم پھر یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے تب تک ہم اپنا احتجاج ختم نہیں کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پچھلے پانچ مہینوں کے عرصے سے احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلسے کیے۔ مگر نااہل حکمرانوں کی بے حسی روزبروز عیاں ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے آج تک احتجاجی محنت کشوں کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
ریڈ ورکرزفرنٹ، پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کیساتھ اس احتجاج اور ہڑتال میں نہ صرف یہ کہ شانہ بشانہ کھڑا ہے بلکہ اس احتجاج کو اپنا احتجاج سمجھتے ہوئے صوبے اور ملک بھر کے محنت کشوں سے پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے اس احتجاج و ہڑتال کی حمایت کی پرزور الفاظ میں اپیل کرتا ہے تاکہ ’ایک کا زخم سب کا زخم‘ کا عملی معنوں میں اظہار ہو۔