رپورٹ: |خالد اسراں|
گزشتہ ہفتے بروز سوموار مورخہ 15 اگست پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کے زیرِ اہتمام ڈاکٹرز اکیڈمی منڈی ٹاؤن، بھکر میں ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔’’عہدِ حاضر کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان سے پارس جان نے اپنے لیکچر میں سب سے پہلے پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کا تعارف پیش کیا اور اس کے قیام کے اغراض و مقاصد اور گزشتہ کچھ سالوں کے کام کی حاصلات کا احاطہ کیا۔
اس کے بعد نہ صرف پاکستان کی موجودہ نوجوان نسل بلکہ یورپ اور امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کی نوجوان نسل کے مسائل پر بھی بات کی اور موجودہ عہد کے عمومی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی، بیروزگاری، غربت، لا علاجی، عدم تحفط اور امن و امان کے مسائل جو ہمیں بظاہر نظر آتے ہیں، ان کا کردار بنیادی نہیں ہے بلکہ یہ محض علامات ہیں۔ میڈیکل سائنس کے طالب علم اور اساتذہ جو یہاں موجود ہیں بخوبی جانتے ہیں کہ محض علامات کا علاج کرنے سے وقتی طور پر درد کی شدت تو کم ہو جاتی ہے مگر اندر ہی اندر مرض گہرا ہو تا رہتا ہے اور بالآخر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تمام علامات کی مشترکہ وجہ تلاش کی جائے جو کہ سرمایہ دارانہ نظام کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ اس نظام نے ایک وقت میں دنیا کو بہت ترقی دی ہے مگر اب یہ اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اپنی انتہاؤں کو پہنچ گئی ہے۔ امیر امیر سے امیر تر اور غریب غریب سے غریب ترین ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لیکچر میں پاکستانی ریاست کے بحران، اداروں کے ٹکراؤ، معیشت کی زبوں حالی اور محنت کش طبقے اور طلبا کی تحریک کے تناظر کے حوالے سے بھی تفصیل سے بات کی گئی۔
لیکچر کے بعد سوالات سلسلہ شروع ہوا۔ میڈیا کے کردار، جمہوریت کی تعریف اور اثرات اور انقلاب کے طریقہ کار کے حوالے سے سوالات کے فرداً فرداً جوابات دیئے گئے۔ اس لیکچر کے انعقاد میں ڈاکٹر خالد اسراں اور ڈاکٹر نعیم نے اہم کردار ادا کیا۔