منجانب: مرکزی بیورو PYA
بی ایس او پجار کے مرکزی آرگنائزر میر ظریف رند کے گھر پر نامعلوم افراد کے حملے کے نتیجے میں بی ایس او پجار کے سرگرم رکن اور میر ظریف رند کے چھوٹے بھائی شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے شہر تربت میں واقع بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن(پجار) کے مرکزی آرگنائزر اور پروگریسو یوتھ الائنس کے جنرل سیکرٹری میر ظریف رند کے گھر پر گزشتہ روز نامعلوم افراد نے بھاری اسلحے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ظریف رند کے چھوٹے بھائی میر حاصل رند، جو حملے کے وقت گھر میں موجود تھے، شہید ہوگئے جبکہ گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اس سے قبل بھی اسی سال مارچ کے مہینے میں ظریف رند کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوا تھا اور گھر کے سامنے کا حصہ قریباً منہدم ہو گیا تھا۔
پروگریسو یوتھ الائنس اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ حملہ کرنے والے خونخوار قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کی ہلاکت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ آئے روز اس طرح کے واقعات کی خبریں میڈیا میں آتی ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ عرصے میں کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ریاستی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بلوچستان میں ریاستی جبر کے خلاف اور قومی آزادی کی جدوجہد کرنے والے بلوچوں کو اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے روکا نہیں جا سکتا۔ بی ایس او پجار اور میر ظریف رند بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد کو بین الاقوامی پرولتاری لڑائی کے سنگ لڑنے کے علمبردار ہیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس بلوچ قومی آزادی کی اس جدوجہد میں بی ایس او پجار کے ساتھ کھڑی ہے۔