|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ|
گذشتہ روزپی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین بلوچستان( سی بی اے) کے زیرِاہتمام C&W کمپلیکس میں ایک احتجاجی جلسہ زیرِصدارت مرکزی صدر محمد قاسم خان منعقد ہوا۔ جلسے سے مرکزی کابینہ اور زونل نائب صدورکوئٹہ نے بھی خطاب کیا۔
جلسے سے مرکزی صدر محمد قاسم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ محکمے کی افسر شاہی ایک بار پھر سے محنت کشوں کے بنیادی اور جائز حقوق پر ڈاکہ ڈالنے پر عمل پیرا ہے۔ محکمے کے ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کی خالی سیٹوں پر اقربا پروری کی انتہا کرتے ہوئے غیر قانونی بھرتیاں کر رہی ہیں، جو کہ محنت کش کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ کوئٹہ سمیت کئی اضلاع میں ملازمین کی تنخواہیں بند کی گئی ہیں اور کئی سالوں سے محکمہ ہذا میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے جبکہ عدالت نے مذکورہ ملازمین کی بحالی کے احکامات صادر کیے تھے۔ لیکن کرپٹ افسر شاہی تنخواہوں کی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ میں بھرتی کے حوالے سے مذکورہ یونین کے محنت کشوں سے رائے لی جائے۔
علاوہ ازیں اِن مطالبات کی حق میں 12 اپریل کو پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے پلیٹ فارم سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین بلوچستان کے محنت کش بھرپور شرکت کریں گے۔