|رپورٹ: صدام کھوسو|
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی مختلف پروگرام اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس حوالے سے ریڈ ورکرز فرنٹ (RWF) حیدرآباد کے کارکنان بھی کامریڈ صدام اور ڈاکٹر ہریش کمار کی قیادت میں ایک ریلی کی شکل میں حیدرآباد پریس کلب پر پہنچے جہاں شکاگو کے شہدا سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی میں محنت کشوں کے علاوہ سندھ یونیورسٹی اور دیگر اداروں کے طلبا بھی شریک تھے۔
ریلی کے شرکا نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اور مزدوروں کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یومِ مئی دنیا بھر کے سرمایہ داروں اور تیسری دنیا کے جاگیرداروں کے دلوں میں خوف جبکہ مزدوروں اور کسانوں کے دلوں میں امید اور یقین کی شمع فروزاں کرتا ہے۔ انقلاب کا وقت قریب آ رہا ہے۔ ہم دنیا بھر کے محنت کش انقلاب کے ذریعے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں کوئی کسی کا استحصال نہیں کر سکے گا اور معاشی نا برابری ختم کر دی جائے گی اور یہ سب صرف اور صرف سوشلزم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ یہی یومِ مئی کا حقیقی پیغام ہے۔ آخر میں صدام کھوسو کا کہنا تھا کہ ملک میں جبری برطرفی کے آرڈیننس 2000ء ،2002 ء اور بینکنگ کمپنیز آرڈیننس B27 جیسے مزدور دشمن قوانین رائج ہیں جن کے ذریعے محنت کشوں کے بنیادی معاشی و سیاسی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں ۔ ریڈ ورکرز فرنٹ یومِ مئی کے موقع پر اپنی جدوجہد کو آخری فتح تک جاری رکھنے کا عزم کرتا ہے۔