|رپورٹ: صفدر|
نجکاری کے خلاف جدوجہد کرنے والے پی آئی اے کے شہیدوں کی پہلی برسی کے موقع پرریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے فیصل آبادپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پی آئی اے کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے نجکاری کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور نجکاری اور ٹھیکے داری نظام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کے شرکا نے 2فروری کو یوم سیاہ قرار دیا جب ریاستی جبر کے نتیجے میں دو محنت کش شہید ہوئے۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ احتجاج میں طلبا اور مزدوروں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے تمام اداروں کی نجکاری کی بھرپور مذمت کی اور تمام مزدور تحریکوں میں مزدوروں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہونے کا عزم بھی کیا۔