|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، بہاولپور|
گذشتہ روز ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) اور پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کی جانب سے پی آئی کے شہدا کی پہلی برسی پر ریاستی جبر کے خلاف فوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 2فروری2016 کو جب پی آئی اے کو نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس وقت پی آئی اے کے محنت کشوں نے اس کیخلاف اعلان جنگ کر دیا اور جب پولیس کی لاٹھیاں بھی محنت کشوں کا کچھ نہ بگاڑ سکیں تو پھر آخر کار رینجرز کو بلایا گیا اور رینجرز نے محنت کشوں پر سیدھا فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دو محنت کش جاں بحق ہو گئے۔ اس واقع کے بعد پی آئی اے کے محنت کشوں نے اس تحریک کو اور شدید کر دیا اور 8دنوں تک پی آئی اے کی کوئی ایک پرواز بھی نہ اڑ سکی۔ مگر ان محنت کشوں کے قتل عام کے ذمہ دار حکمران طبقے کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
ریڈ ورکرز فرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ پی آئی اے کے محنت کشوں کے قاتل حکمرانوں کے خلاف فوری قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کی جائے اور نجکاری کی مزدور دشمن پالیسی کو روکا جائے اور وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کا خاتمہ کیا جائے۔