|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، فیصل آباد|
پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (PPLA) نے کالجز کی نجکاری اورحکومت کی اساتذہ مخالف پالیسوں کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاجوں کا آغاز کر دیاہے۔ اسی سلسلے میں فیصل آباد میں 10دسمبر2016ء کو ضلع کونسل چوک میں کالج اساتذہ نے نجکاری کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جس میں سمندری ، چنیوٹ اور چناب نگر سے پروفیسرز اور لیکچررز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کے دوران حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی اور حکومت کی نجکاری کی پالیسی کی شدید مذمت کی گئی۔ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر حافظ عبدالخالق ندیم نے تمام پروفیسرز اور لیکچررز کو 14 دسمبر کو لاہور کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ جس میں ایک ریلی کی شکل میں پنجاب اسمبلی کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ پروفیسر حافظ عبدالخالق ندیم نے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا اور یہ عہد کیا گیا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے پنجاب بھرمیں احتجاج جاری رہیں گے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ:
1۔ کالج ٹیچرز کے لیے ٹائم سکیل کا اجرأ
2۔ ون سٹیپ اپ گریڈیشن
3۔ ریگولرائزڈ کنٹریکٹ لیکچررز کی پے پروٹیکشن
4۔ BS-21کا کوٹہ بمطابق Ratio Proportion
5۔ چھٹیوں کے دوران Conveynce Allowance کی غیر قانونی کٹوتی کا خاتمہ
ریڈ ورکرز فرنٹ PPLA کے تمام مطالبات کی حمایت کرتا ہے اور اس جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان احتجاجوں کے سلسلے کو نجکاری کا شکار دیگر اداروں جیسے واپڈا، پی آئی اے، سکولز وغیرہ کے ساتھ جوڑا جائے اور نجکاری کے خلاف متحدہ محاذ بناتے ہوئے اس مزدور دشمن پالیسی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے۔