حیدرآباد: لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج پر پولیس کا تشدد، جینا ہے تو لڑنا ہو گا!

|رپورٹ: حیدرآباد، انقلابی کمیونسٹ پارٹی|

مورخہ 27 جولائی بروز ہفتہ، پیون کالونی حیدرآباد کے رہائشیوں کی جانب سے روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج دو مطالبات، جن میں بجلی کے کنیکشن کی بحالی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ شامل ہیں، کے لیے کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل کو حل کرنا تو دور، الٹا مظاہرین پر تشدد کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ سمیت گھروں کی چار دیواری کے تحفظ کو پامال کرتے ہوئے لوگوں پر تشدد کیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں جس کا صلہ 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں ہمیں دیا جا رہا ہے۔ اس گرمی میں بجلی کے بغیر جینا مشکل ہو گیا ہے، بالخصوص بیماروں، بچوں اور بزرگوں کے لیے یہ تکلیف ناقابلِ برداشت ہے۔ اس سے تنگ آ کر احتجاج کرنا پڑا۔ جس پر ضلعی انتظامیہ نے مظاہرین پر تشدد کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ یہاں اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے سے بڑا کوئی گناہ نہیں۔

اسی طرح الیکشن کے وقت مکاری اور منافقت کا لبادہ اوڑھ کر در در گھومنے والی پیپلز پارٹی، نون لیگ اور ایم کیو ایم سمیت کوئی بھی جماعت غریب عوام کی خیر خواہ نہیں۔ ان تمام پارٹیوں کے خلاف عوام میں غم و غصہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی اس عوامی احتجاج کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے پولیس گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور عوام کو یہ باور کراتی ہے کہ مہنگی بجلی، لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کا خاتمہ جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جس کی مثال کشمیری عوام کی عظیم الشان جدوجہد ہے۔

اسی طرح بجائے ان روایتی سیاسی جماعتوں پر یقین کرنے کے ہمیں اپنی قوت بازو پر یقین کرتے ہوئے مہنگی بجلی کے خلاف وسیع احتجاج منظم کرنا ہو گا جو کہ محلوں، علاقوں کی سطح پر عوامی کمیٹیاں تشکیل دینے کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ اسی طرح ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مہنگی بجلی کی وجہ نجی آئی پی پیز ہیں جنہیں قومی تحویل میں لیے بغیر بجلی کے بحران پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔

مختصراً ایک منصوبہ بند طریقے سے بجلی کو مہنگے تیل، گیس اور کوئلے سے ہٹا کر وِنڈ پاور اور ہائیڈرل پاور پر منتقل کر کے بجلی کی ترسیل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جو کہ سرمایہ دارانہ نظام میں ممکن نہیں اس کے لیے محنت کش طبقے کے قیادت میں سوشلسٹ انقلاب کرنا ہو گا۔ اس انقلاب کے ذریعے منافع کی بجائے انسانی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس طرح تمام بنیادی ضروریات معیاری اور مفت طور پر سب کو مزدور ریاست کی جانب سے فراہم کی جا سکتی ہیں۔

اس انقلاب کے لیے انقلابی کمیونسٹ پارٹی محنت کشوں اور نوجوانوں کو منظم کر رہی ہے۔ ہم آپ کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ اس پارٹی کے ممبر بن کر مفت و معیاری تعلیم، صحت، خوراک، گھر اور دیگر سہولیات کے حصول کی جدوجہد کا حصہ بنیں!

Comments are closed.