|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، ملاکنڈ|
درگئی انڈسٹریل زون میں واقع مختلف ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حالت بھی ملک کے دوسرے مزدوروں سے مختلف نہیں ہے۔ درگئی انڈسٹریل زون میں سٹیل، پلاسٹک، گھی اور کاسمیٹکس مصنوعات کی فیکٹریاں موجود ہیں۔ ان فیکٹریوں میں لیبر قوانین کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا اور انہیں کسی قسم کے جمہوری حقوق دستیاب نہیں ہیں۔
درگئی انڈسٹریل زون میں واقع ایک سٹیل مل میں کام کرنے والے ایک محنت کش سے ریڈ ورکرز فرنٹ کے نمائندے کی بات ہوئی جس میں اس نے ہمیں بتایا کہ انڈسٹریز کے مالکان کی طرف سے محنت کشوں کے ساتھ جانوروں جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔ محنت کشوں کو حکومت کے طرف سے مقرر کی گئی تنخواہ سے بہت کم تنخواہ دی جاتی ہے جو کہ عام طور پر 12 ہزار سے 14 ہزار تک ہوتی ہے جب کہ کام کے اوقات کار بھی بہت زیادہ ہیں۔
اسی طرح درگئی زون کی تمام ملوں میں یونین بنانے پر سخت پابندی ہے اور نوکری سے نکالنے کے ڈر سے نہ کوئی یونین بنانے کی بات کرسکتا ہے اور نہ ہی کوئی احتجاج۔
کھانسی بخار وغیرہ ہونے پر ورکرز کو تو وقتی طور پر عام دوائی مہیا کی جاتی ہے لیکن بڑی بیماری یا کسی حادثے کی صورت میں کوئی طبعی سہولت موجود نہیں ہوتی۔ اگر کام کے دوران کسی کی موت ہو جاتی ہے یا کوئی معذور ہوجاتا ہے تو اس کو کوئی رقم وغیرہ نہیں دی جاتی۔ اسی طرح احتجاج کرنے، اپنے جائز مطالبات کیلئے آواز اٹھانے یا انتظامیہ اور مالکان کے خلاف بات کرنے پر نوکری سے برخاست کر دیا جاتا ہے۔
درگئی زون میں بھی پشاور کی طرح بیگار کام لیا جاتا ہے کہ اگر ایک دو گھنٹے کے لیے بجلی چلی جاتی ہے تو ورکرز کو بغیر معاوضے کے وہی ایک دو گھنٹے کام شروع ہونے کا انتظار کرنا پڑتا ہے اور ان گھنٹوں کی اجرت ادا نہیں کی جاتی۔
تقریباً تمام فیکٹریوں اور ملوں کے مزدوروں کو سروس کے عدم تحفظ کا خطرہ ہے۔ زیادہ تر کارخانوں میں کینٹینیں نہیں ہیں، جہاں کھانے پینے کو کچھ مل سکے۔ جن کارخانوں میں کینٹینیں ہیں وہ اشیائے خوردونوش کو رعایتی نرخوں پر فروخت نہیں کرتے۔ مزید یہ کہ ان کینٹینوں پر فروخت ہونے والے کھانے کی اشیاء غیر معیاری ہوتی ہیں۔
ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے مزدوروں سے یہ وعدہ کیا کہ ان کو درپیش مسائل کو بھرپور انداز میں اُجاگر کیا جائے گا۔ ان مسائل کے خلاف ہمارے ماہانہ اخبار ”ورکرنامہ“، سوشل میڈیا پر موجود چینل ”مزدور ٹی وی“ اور اپنی ویب سائٹ پر آواز بلند کی جائے گی۔ اس طرح ان کے مسائل کے حوالے سے پورے ملک کی مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو آگاہ کر کے ”ایک کا دکھ، سب کا دکھ!“ کے نعرے کے تحت مزدور یکجہتی قائم کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان کی جانب سے یہ وعدہ کیا گیا کہ درگئی انڈسٹریل زون کے مزدور جب بھی ہڑتال کریں گے یا پھر احتجاج کریں گے تو ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان ان کے شانہ بشانہ موجود ہوں گے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے انہیں پورے ملک اور عالمی سطح پر جاری محنت کشوں کی دیگر تحریکوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور ملک گیر سطح پر متحد ہو کر جدوجہد کرنے کا پیغام دیا۔