کوئٹہ: یوم مئی 2024ء کے موقع پر مزدور تنظیموں اور ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے احتجاجی ریلی اور جلسے کا انعقاد۔۔۔جدوجہد تیز ہو!

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ شہر میں حسبِ روایت یوم مئی 2024ء کے حوالے سے کئی پروگرامز کا انعقاد ہوا۔ جن میں سے ایک ریڈورکرزفرنٹ کا دیگر مزدور یونینوں جیسے پاکستان ورکرز فیڈریشن، کیسکو لیبر یونین، محکمہ زراعت اور پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے ساتھ ملحقہ مختلف فیڈریشنز کے ساتھ مشترکہ احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا۔

احتجاجی ریلی کا آغاز پبلک ہیلتھ انجینئرنگ آفس کے احاطے سے ہوا، جوکہ مختلف شاہراہوں اور چوارہوں سے ہوتے ہوئے محکمہ زراعت میں منعقدہ جلسہ گاہ میں داخل ہوئی۔

احتجاجی ریلی میں ریڈورکرزفرنٹ کے کارکنان نے نجکاری، مزدور طبقے کے استحصال، مہنگائی، بیروزگاری، غربت میں اضافہ، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، نااہل صوبائی و وفاقی حکمران اورکرپٹ بیوروکریسی کے خلاف اور سوشلسٹ انقلاب کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

احتجاجی جلسے میں ریڈورکرزفرنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل کریم پرہار نے خطاب کیا۔ کریم نے بات کا آغاز شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کیا، جبکہ فلسطین پر اسرئیلی جارحیت کے خلاف امریکہ میں طلبہ اور پورے یورپ میں محنت کش عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے احتجاجی جلسے میں فلسطینی محنت کش عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں جاری محنت کش عوام کی جانب سے ریاستی پالیسیوں کی خلاف احتجاجی تحریکوں اور ریاستی جبر کے خلاف مختلف مظلوم اقوام کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا میں مزدور تحریک انگڑائی لے رہی ہے، مگر اس وقت مزدور تحریک میں جس چیز کا فقدان ہے، وہ مزدور نظریات ہیں۔ ان مزدور نظریات کی عدم موجودگی سے مزدور تحریک میں ٹریڈ یونین اشرافیہ جنم لے چکی ہے، جوکہ حکمران طبقے اور بیوروکریسی کے ہاتھوں مکمل طور پر یرغمال ہے۔ اس کی وجہ سے مسلط شدہ ٹریڈ یونین اشرافیہ مزدور سیاست میں ایک رکاوٹ بن چکی ہے۔ بیوروکریسی حکمران طبقے کے مفادات کے تحفظ کیلئے پاکٹ یونینز و فیڈریشنز بنانے میں مصروف عمل ہیں، اور یہ تمام پاکٹ یونینز محنت کشوں کے استحصال میں بیوروکریسی کی مکمل معاونت کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ اب وقت آچکا ہے کہ مزدور نظریات (مارکسزم) کی جانب رجوع کرنا ہوگا، اور ان نظریات کے بغیر مزدور تحریک آگے نہیں بڑھ سکتی ہے،اورمزدورطبقہ محض حکمران طبقے کے مفادت کے لیے خام مال ہی رہے گا۔

محکمہ زراعت میں ہونے والے احتجاجی جلسے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، کیسکو لیبر یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری سعید لہڑی، ڈرافٹس مین ایسوسی ایشن کے صدر نظام الدین سارنگزئی، بی ڈی اے سے شمس خلجی، سیف اللہ ترین، پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر سلام زہری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

ریڈورکرزفرنٹ کی جانب سے انقلابی لٹریچر کا سٹال بھی لگایا گیا، جبکہ جلسے کے شرکا میں یوم مئی اور عام ہڑتال کے لیفلیٹ بھی تقسیم کئے گئے، جن کو محنت کشوں نے خوب سراہا۔

اس کے علاوہ ریڈورکرزفرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنان نے میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے احتجاجی جلسے اور ریلی میں شرکت کرتے ہوئے جلسہ گاہ کے مین دروازے پر انقلابی لٹریچر کا سٹال لگایا، جبکہ جلسے کے شرکا میں یوم مئی اور عام ہڑتال کے لیفلیٹ بھی تقسیم کیے۔

جلسے میں ایک ٹریڈ یونین کے قائد جنہوں نے حالیہ انتخابات میں مزدور دشمن سیاسی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا، نے مختلف حربوں کے ذریعے یوم مئی کے جلسہ کو مخصوص پارٹی (پیپلز پارٹی) کے جلسہ میں تبدیل کرنے کی شعوری کوشش کی، جس کے خلاف ریڈورکرزفرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ اس عمل پر جلسے کے شرکا نے بھرپور سراہتے ہوئے ریڈورکرزفرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس کے ساتھیوں کو خوب داد دی۔

اس کے علاوہ جلسے کے بعد احتجاجی ریلی میں بھی ریڈورکرزفرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنان نے ٹریڈ یونین اشرافیہ، نجکاری، مہنگائی، سول و فوجی اشرافیہ، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، اور مزدور دشمن سیاسی پارٹیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جنہیں ریلی کے شرکاء نے خوب سراہا اور ریڈورکرزفرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس کے ساتھیوں کے جرات کو داد دی۔ اس کے بعد مذکورہ قیادت نے ریلی کے تعین کردہ مقام پر پہنچنے سے پہلے ہی ختم کرنے کا اعلان کیا۔جس کے خلاف محنت کشوں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔

اس کے بعد مختلف یونینز اور ایسوسی ایشنز کے مزدور ساتھیوں نے رابطہ کرتے ہوئے مزدور طبقے کے حالیہ مسائل اور مجوزہ حل پر جلدازجلد مشاورتی اجلاس بلانے کے بارے میں ریڈورکرزفرنٹ کو ذمہ داری دی، جس کو ہم جلدازجلد پوراکریں گے۔

 

Comments are closed.