|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لورالائی|
ملک بھر کی طرح یوم مئی کے موقع پر بلوچستان کے ضلع لورالائی میں بھی احتجاجی ریلی اور جلسے کا انعقاد ہوا۔ اس احتجاجی ریلی اور جلسے میں ریڈ ورکرز فرنٹ، بلوچستان لیبر فیڈریشن، کیسکو، ایریگیشن، بی اینڈ آر اور میونسپل کارپوریشن کے مزدور ساتھیوں نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاجی ریلی کے شرکا نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کیا اور حکمران طبقے کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف تقریریں کیں۔
احتجاجی ریلی کا آغاز میونسپلٹی سے ہوا، جوکہ شہر کے مختلف شاہراؤں سے ہوتے ہوئے لورالائی پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔
احتجاجی جلسے سے مختلف ٹریڈ یونینز کے ساتھیوں نے خطاب کیا، جنہوں نے آج سے 138 سال پہلے امریکہ کے صنعتی مرکز شکاگو میں مزدور طبقے کے عمومی مفادات کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کی جرات کو سرخ سلام پیش کیا۔ جبکہ تمام مقررین نے نااہل حکمرانوں اور کرپٹ بیوروکریسی کی مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمرانوں نے مزدور طبقے کو ان کے جائز اور بنیادی حقوق نہیں دیے تو ہم بھرپور تحریک چلائیں گے۔
تقریب سے ریڈ ورکرز فرنٹ لورالائی کے آرگنائزر اسحاق خان نے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے شہدائے شکاگو کو سرخ سلام پیش کیا جبکہ دور حاضر میں محنت کش طبقے کی عمومی صورتحال پر تفصیل سے بات رکھی۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ دار اور محنت کش طبقے کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کے حوالے سے مختلف اعداد و شمار پیش کیے اور مستقبل میں طبقاتی جنگ میں شدت کا تناظر پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، طبقاتی خلیج کی بڑھتی ہوئی فضا کو ختم کرنے اور مزدور راج نافذ کرنے کا واحد راستہ سوشلسٹ انقلاب ہے، جس کے لیے ہم جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم اس جلسے میں موجود تمام محنت کشوں، نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئیں مزدور و محکوم دشمن اس ظالم نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔
ریلی اور جلسے میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے ساتھیوں سمیت پروگریسو یوتھ الائنس کے ساتھیوں نے بھی شرکت کی اور انقلابی لٹریچر کو سیل بھی کیا۔