|منجانب: ریڈ ورکرز فرنٹ|
یوم مئی 2020ء کا پیغام۔۔۔محنت کشوں کے نام
محنت کش ساتھیو!جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا کا محنت کش طبقہ ایک انتہائی سخت دور سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف کرونا وبا کا عفریت منہ کھولے کھڑا ہے تو دوسری طرف معاشی بحران کا بہانہ بنا کر سرمایہ دار طبقہ دھڑا دھڑ ڈاؤن سائزنگ، جبری برطرفیاں، اجرتوں میں کٹوتی اور اوقات کار میں اضافہ کر رہا ہے۔ اس تمام صورتحال سے بڑے پیمانے پر بیروزگاری، بھوک اور غربت پھیل رہی ہے اور محنت کش طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ حکومت اور ریاست بھی سرمایہ دار طبقے کی ہی نمائندہ اور محافظ ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ ایک طرف سرمایہ دراوں کو کھربوں روپے کے معاشی پیکج دیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف محنت کشوں کو کسی قسم کی کوئی حکومتی امداد نہیں دی جا رہی اور انہیں فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح حکومت اور ریاستی حکام نے جبری برطرفیوں جیسے معاملے پر بھی اپنی انکھیں بند کر رکھی ہیں۔ سیاسی افق پر نظر نے والی تمام پارٹیاں اور زیادہ تر ٹریڈ یونین قیادتیں بھی سرمایہ دار طبقے کے مفادات کی ہی نمائندہ ہیں اور ان سے کسی بہتری کی امید رکھنا فضول ہے۔
ایسے میں محنت کشوں کو اپنے زور بازو پر بھروسہ کرنا ہو گا۔ متحد ہو کر خود آگے بڑھنا ہو گا اور فوری مطالبات کی لڑائی سے لے کر اس دھرتی پر ایک سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کی جدوجہد کے لئے منظم ہونا ہو گا۔
آئیں اس یوم مئی پر ریڈ ورکرز فرنٹ کی طرف سے منعقد ہونے والے اس آن لائن مزدور جلسے کا حصہ بنیں تا کہ آپ کی تجاویز اور تبصروں کی روشنی میں پاکستان میں مزدور تحریک کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔
یہ جلسہ یوم مئی 2020ء بروز جمعہ بوقت صبح 9بجے ریڈ ورکرز فرنٹ کے فیس بک، یوٹیوب اور ٹوئٹر پیجز سے براہ راست نشر کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے محنت کش، ٹریڈ یونین نمائندے، طلبہ اور ترقی پسند سیاسی کارکنان خطاب کریں گے۔