|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، بہاولپور|
عالمی یومِ مزدور کے موقع پر جہاں دنیا بھر کے محنت کشوں نے شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مختلف ریلیاں اور جلسے منعقد کیے گئے ویسے ہی ایک جلسہ ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے بہاولپور میں گلستان ٹیکسٹائل مل میں ”عام ہڑتال“ کے نعرے پر منعقد ہوا جس میں طلبہ اور مزدوروں نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ریڈ ورکرز فرنٹ سے جلیل منگلا نے کی اور پہلے مقرر ریڈ ورکرز فرنٹ کے آرگنائزر رفیق چنڑ تھے انہوں مزدور جڑت اور ایکتا کی اہمیت پر زور دیا اور محنت کشوں کو شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھنے کو کہا۔ اس کے بعد پروگریسو یوتھ الائنس کی جانب سے عرفان منصور، معراج ہاشمی اور فرحان رشید نے مختصراً پرولتاریہ کی اجتماعیت پر مبنی ساخت پر بات رکھی اور آج کے عہد میں زوال پذیر بحران زدہ سرمایہ داری سے چھٹکارے اور ملک گیر عام ہڑتال کی اہمیت باور کروائی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عام ہڑتال جہاں محنت کشوں کے حقوق کے حصول کے لیے ضروری ہے وہیں محنت کشوں کو یہ بھی باور کروائے گی کہ حقیقی خالق کون ہے اور محنت کشوں کو یہ احساس دلائے گی کہ دراصل یہ محنت کش طبقہ ہی ہے جو اس نظام کو چلاتا ہے۔
اس کے بعد آخر میں ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر یاسر ارشاد نے موجودہ سماج کی طبقاتی تفریق اور موجودہ ریاست کے کردار پر بات کی اور محنت کشوں کو باور کرایا کسی صورت امیر اور غریب، طاقتور اور کمزور کے دکھ سکھ ایک نہیں ہوسکتے۔ موجودہ طبقاتی سماج کی بنیادیں ہی استحصال پر مبنی ہیں اور اس غربت، مہنگائی، بیروزگاری اور نجکاری کے خلاف لڑنے کا واحد راستہ محنت کشوں کی ملک گیر عام ہڑتال ہے جو آگے اس سرمایہ داری نظام کو اکھاڑ پھینکنے کی طرف لے جائے گی۔