|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کوئٹہ|
یکم مئی 2018ء کوئٹہ میں جوش وخروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے محنت کشوں کی ریلیاں شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مرکزی جلسہ گاہ میں اکٹھی ہوئیں جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔ ریڈ ورکرز فرنٹ اور پروگریسو یوتھ الائنس نے بھی عام ہڑتال کے نعرے پر مبنی اپنے بینر اور لیف لیٹ کیساتھ یکم مئی کی سرگرمیوں میں مداخلت کی۔ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان پی ڈبلیو ڈی کے مزدوروں کے ساتھ ریلی میں شامل ہوکر مرکزی جلسہ گاہ تک پہنچے۔ اس ریلی سے قبل پی ڈبلیو ڈی کے دفتر میں ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریڈ ورکرز فرنٹ سے رزاق غورزنگ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ محنت کش طبقہ یکجا اور متحد ہوکر اپنے فوری مطالبات منوانے کیلئے ایک ملک گیر عام ہڑتال کی جانب بڑھے۔ اسی طرح مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رزاق نے ملک گیر عام ہڑتال کی ضرورت پر زوردیا۔ پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے صدر قاسم خان نے مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ مزدور طبقہ اپنی سیاست کی جانب بڑھے اور مزدور طبقہ جلد سے جلد اپنے پارٹی کا قیام عمل میں لائیں تاکہ مزدور طبقہ حکمران طبقے کی سیاست کے مقابلے میں حقیقی مسائل کے گرد سیاست کرسکے۔