رپورٹ | خالد جمالی |
یکم مئی، مزدوروں کا عالمی دن ہے جس کو پوری دنیا کے مزدور جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ یہ دن یکم مئی1886ء کے شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد اور کامیابی کے بعد شروع ہوا۔ یہ دن پوری دنیا کے مزدور نسلی، مذہبی اور علاقائی تعصبات مٹا کر مناتے ہیں۔ اسی طرح دادو میں بھی مزدور یہ دن مناتے ہیں جس کو دادو کی تمام ٹریڈیونینز ایک ساتھ مناتی ہیں۔
ورکرنامہ کے نمائندے دادو کی مختلف ٹریڈیونینز سے ان کی تیاری اور جدوجہد کے حوالے سے ملے۔ دادو میں مختلف ٹریڈیونینز ہیں جن میں ہائی ویز ورکس اینڈ سروسز ایمپلائز یونین، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ، پاکستان پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن، میونسپل ایمپلائز یونین، پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن(PTA)، ریلوے ورکرز یونین، ایپکا، رکشہ یونین،درزی یونین اور اسی طرح ایریگیشن، سوئی گیس اور بیڈی مزدور یونین شامل ہیں۔ ان سب نے مل کر اس دن کو منانے کا عندیہ دیا۔
ہماری ٹیم سب سے پہلے ہائی ویز ورکس اینڈ سروسز یونین کے رہنما محمد موریل پنھور سے ملنے گئی۔ انھوں نے بتایا کہ یکم مئی کا دن، ان کی یونین بھرپور طریقے سے مناتی ہے۔ ہائی ویز یونین کے ملازمین مختلف شہروں سے دادو آتے ہیں جن میں جوہی، بھان سید آباد، میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ، اور سیہون شریف ہیں۔ محمدموریل نے بتایا کہ دادو کی سب ٹریڈیونیز یہاں ہائی ویز لیبر ہال میں اکٹھی ہوں گی اور پھر وہ پریس کلب دادو سے ہو کر واپڈا کے لطیف لیبر ہال میں جمع ہو کر جلسہ کریں گے۔ محمد موریل نے اپنے ادارے کے ملازمین کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمارے منظور کئے ہوئے مطالبات پر کوئی عمل نہیں کیا۔ہائی ویز ملازمین کو ایمپلائی سن کوٹہ، ڈیتھ کوٹہ، ٹھیکیداری نظام، کم اجرتوں سمیت افسران کا توہین آمیز رویہ سمیت اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ یکم مئی کے پروگرام میں ہائی ویز یونین کے عہدیداران اوشاک احمد سولنگی، غلام شبیر چنہ، غلام حیدر تنیو، محمد موسٰی کٹوہراور نیاز حسین زنگیجو سمیت تمام ورکرز شرکت کریں گے اور ان مسائل کے حل کے لئے احتجاج کریں گے۔
نمائندہ ورکرنامہ نے پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے رہنما راجہ رفیق پنھورسے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے بتایا کہ پیرامیڈیکل سٹاف یونین کے ملازمین دادو، جوہی، میہڑ، کے این شاہ سے اکٹھے ہو کر یکم مئی کا پروگرام کریں گے۔ راجہ رفیق نے بتایا کہ حکومت مراکز صحت کو بیچنا چاہتی ہے جس کے خلاف وہ بھرپور جدوجہد کریں گے۔ راجہ رفیق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سول ہسپتال دادو میں ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے۔ یکم مئی کے پروگرام میں یونین عہدیداران راجہ رفیق پنھور، امیر بخش چنہ، امان اللہ پنھور، ایاز علی میمن اور محمد اسحاق سومرو سمیت تمام ورکرز بھرپور شرکت کریں گے۔
آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے جوائنٹ سیکرٹری غلام عباس نے ملاقات میں میونسپل ایمپلائزکے حالات اورمسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل ورکرز ایمپلائز کالونی، ٹریژری سے منسلک ہونا، میڈیکل ڈسپنسری، ایمپلائی سن کوٹا،ریوائزڈ سروس سٹرکچر اور مستقل ملازمت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس بار یکم مئی پروگرام میں یونین عہدیداران عبدالرحیم امیر انصاری، بشیر احمد سولنگی، اور غلام عباس سہاگ سمیت ادارے کے تمام مزدور شرکت کریں گے اور اپنے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کریں گے۔
آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے عہدیداران محمد وریل میراٹی، الطاف پل، عبدالحمید جمالی، حاجی محمد عرس، دین محمد اوتیرو،لقمان خشک، طفیل پنھور، گلزار چانڈیو اور ضمیر احمد کوریجو ورکرز کی قیادت کرتے ہوئے مئی ڈے کے پروگرام میں بھرپور شرکت کریں گے۔ عہدیداران نے کہا کہ وہ واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، فیملی کوارٹرز بنائے جائیں، ایمپلائی سن کوٹا دیا جائے اور ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ کیا جائے۔
یکم مئی کے حوالے سے رکشہ یونین کے عہدیدارغلام عباس وگھیو، درزی یونین کے رہنما امام بخش وگھیو ، بیڈی مزدور یونین کے رہنما دوست علی زنؤر اور پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنما عنایت جمالی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بے شمار سماجی مسائل کا شکار ہیں۔ لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، نجکاری، صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی، غیر معیاری تعلیم اور بد امنی جیسے مسائل نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔یکم مئی مزدوروں کی ایکتا کا دن ہے اور ہم یکم مئی کو پروگرام میں بھرپور شرکت کریں گے اور ان مسائل کے خلاف جدوجہد کو ایک نئے عزم کے ساتھ شروع کریں گے۔