رپورٹ: | گل زادہ صافی |
عالمی یوم مزدور پر کامونکی میں سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف پنجاب ٹیچرز یونین (PTU) اور ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کے زیر اہتمام مزدور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کامونکی اور گوجرانوالہ کے سکولوں سے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ناصرہ وائیں نے سرانجام دئیے۔ کانفرنس کے بعد تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی۔
مزدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے ریڈ ورکرز فرنٹ کے رہنما کامریڈ آدم پال نے کہا کہ بر سر اقتدار تمام سیاسی پارٹیوں چاہے وہ تحریک انصاف ہو، مسلم لیگ ن یا پیپلزپارٹی؛ کے منشور میں نجکاری شامل ہے۔ مزدوروں کو ان سے خیر کی توقع نہیں کرنی چاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اساتذہ کی سکولز کی نجکاری کیخلاف تحریک میں شانہ بشانہ شامل ہیں۔ کانفرنس سے پنجاب ٹیچرز یونین(PTU) کے صدر ملک محمد الیاس ،گل زادہ خان ،طاہر اعوان ،میڈم راحت ،رشید لودھی ،احسان ورک اور حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وہ ان ظالم حکمرانوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے نجکاری کے خلاف تحریک کو آگے بڑھانے اور نجکاری کے شکار دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر نجکاری کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم کیا ۔
کانفرنس کے اختتام پر تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف بلدیہ ہال سے سٹی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں اساتذہ اور مزدوروں نے شرکت کی۔ اس دوران ریلی کے شرکاء حکمرانوں اور نجکاری کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔