رپورٹ: | احمر علی |
یکم مئی راولپنڈی پریس کلب میں آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی جانب سے یوم مئی اور شکاگو کے شہداء کی یاد میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے ورکرز کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں، صحافی تنظیموں اور ٹریڈ یونینز کے اراکین نے شرکت کی۔ شرکا نے یوم مئی کا تاریخی پس منظر سامنے رکھتے ہوئے موجودہ حالات میں جدوجہد کے لیے تمام مزدور اتحادوں کو محنت کشوں کو درپیش نجکاری جیسے مسائل کے گرد متحد ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ ٹریڈ یونینز کے ممبران نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایک طرف حکمران نجکاری جیسے بوجھ محنت کشوں کے کندھوں پر ڈال رہے ہیں دوسری طرف محنت کشوں کی محنت سے بنایا ہوا پیسہ بیرون ملک بینکوں میں محفوظ کیے ہوئے ہیں۔ پاناما لیکس سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ تقریب کے بعد ریلی بھی نکالی گئی۔
ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کی جانب سے عمر ریاض، صہیب حنیف، احمر علی، سہیل اور مسعود نے تقریب اور ریلی میں شرکت کی اور ورکرنامہ سیل کیا۔ شرکا نے ورکرنامہ کی کاوش کو سراہا اور مختلف موضوعات پر پورا دن بحث و مباحثہ چلتا رہا۔