|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، خیبرپختونخوا|
خیبرپختونخوا کاٹلنگ ضلع مردان میں چند روز قبل ایک گھر کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اس ڈرون حملے میں مبینہ طور پر بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد کی جاں بحق ہوئے۔ جان بحق افراد کے لواحقین اور علاقے کے عوام نے احتجاجاً سوات موٹر وے بند کر کے احتجاج کیا۔
انقلاب کمیونسٹ پارٹی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس ہولناک واقعہ کی تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دے کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
اس وقت پورا خیبرپختونخوا دہشت گردی کی شدید لپیٹ میں ہے۔ اس سال دہشت گردی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، جب کہ ان حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ عملاً اس وقت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں ریاست کا کوئی کنٹرول نہیں جب کہ اصل کنٹرول دہشت گردوں کے ہاتھ میں ہے۔ اس حوالے سے نہ تو صوبائی حکومت اور نہ ہی وفاقی حکومت کے جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں بلکہ صوبائی اور وفاقی حکومت آپسی تضادات اور لڑائی میں مصروف ہے، جبکہ عوام کو دہشت گردی کے واقعات میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔
اسی طرح حکومت نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشنز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں کچھ علاقوں کے باشندگان کو حکومت اور ریاستی اداروں کے جانب سے حکم جاری کیا گیا تھا کہ وہ عید کے کچھ دن بعد اپنے علاقوں کو خالی کر دیں۔
اس سے پہلے بھی خیبرپختونخوا میں کئی فوجی آپریشنز کیے گئے ہیں لیکن آج تک دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی دہشتگردوں کی کمر توڑی گئی ہے۔
اس لیے انقلابی کمونسٹ پارٹی سمجھتی ہے کہ فوجی آپریشنز اس مسئلے کا حل نہیں ہے اور نہ ہی حکومت اور ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں بلکہ پچھلے چالیس سال اس ریاست نے دہشتگردی کو ایک کاروبار کے طور پر اپنایا ہے۔ دراصل دہشتگردی کی موجودگی سے ہی اس ریاست کی معاشی زندگی چل رہی ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت دہشت گردی کے خلاف منظم عوامی دفاعی کمیٹیاں ہی اس مسئلے کا واحد حل ہیں کیونکہ عوام تو اس طرح دہشت گردی اور ریاستی پالیسوں کی خاطر خود کو مرنے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔ کرک، سوات، ژوب اور دوسرے علاقوں میں ہم نے دیکھا ہے جہاں عوام خود اپنی جدوجہد کے بلبوتے پر دہشتگردوں کو بھاگنے پر مجبور کیا۔
اس لیے خیبر پختونخوا کی تمام عوام کو دہشت گردی کے خلاف خود منظم ہو کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کی جڑیں اس ریاست اور اس سرمایہ داری کے نظام میں پیوستہ ہیں۔ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور عوام کے لیے امن کا حصول صرف اور صرف سرمایہ دارانہ ریاست کے خاتمے اور سوشلسٹ انقلاب کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
دہشت گردی مردہ باد!
ریاستی جبر مردہ باد!
سرمایہ داری مردہ باد!
سوشلسٹ انقلاب زندہ باد!