|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|
22 اکتوبر کو ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی دفتر میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد نے ریلوے ورکرز یونین (اوپن لائن) کی مرکزی قیادت کے ساتھ ملاقات کی۔ جی ایچ اے کے وفد نے ورکرز یونین کی قیادت کو حکومت کے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے مذموم منصوبے سے آگاہ کیا اور اس کے عوام اور مزدور دشمن مضمرات پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔
ریلوے ورکرز یونین کے وفد میں شامل مرکزی جوائنٹ سیکرٹری فضل واحد، مرکزی کوآرڈینیٹر رانا حشمت خان، مرکزی صدر اوپن لائن رؤف خان، صدر لاہور ڈویژن صابر اعوان، ڈویژنل نائب صدر شمشاد علی، ڈویژنل سیکرٹری رانا اکبر علی کھوکھر، سیکریٹری اطلاعات راحیل رؤف اور دیگر نے جی ایچ اے کے وفد کو ان کی جدوجہد میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور ہسپتالوں کی نجکاری کی زبردست مذمت کرتے ہوئے نجکاری مخالف تحریک کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
اس سلسلے میں ریلوے ورکرز یونین کے وفد نے یکجہتی کے پیغام پر مشتمل پریس ریلیز دینے کا بھی اعلان کیا۔ مزید برآں، انہوں نے محکمہ ریلوے کے مسائل اور اس پر مرحلہ وار طریقے سے ہونے والے نجکاری کے حملے اور اس کے خلاف اپنی جدوجہد سے بھی جی ایچ اے کے وفد کو آگاہ کیا جس پر جی ایچ اے نے بھی ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔ملاقات کا اختتام اس اتفاق پر ہوا کہ نجکاری تمام اداروں کے محنت کشوں کو مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کے خلاف کامیاب لڑائی بھی طبقاتی بنیادوں پر متحد ہو کر ہی لڑی جا سکتی ہے۔