لاہور: انجینئرز کی جدوجہد رنگ لے آئی‘ ٹیکنیکل الاؤنس منظور

|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|

پنجاب بھر کے تمام سرکاری انجینئرز جو ٹیکنیکل الاؤنس کے حصول کیلئے 9 اپریل سے ایریگیشن سیکریٹیریٹ دھرنا دئیے بیٹھے تھے، ان کی جدوجہد رنگ لے آئی اور انجینئرز کی ثابت قدمی کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ،پنجاب کابینہ نے بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا بطور ٹیکنیکل الاؤنس دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

دھرنا 9 اپریل سے 24 اپریل تک جاری رہا۔ اس دوران دھرنے کے شرکاء کو حکومت اور پولیس کی جانب سے مختلف حیلوں بہانوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔ مگر انجینئرز نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا جاری رکھا اور ٹیکنیکل الاؤنس کی منظوری تک ڈٹے رہے اور بالآخر ان کی یہ جدوجہد رنگ لے آئی اور پنجاب حکومت کو ان کا مطالبہ ماننا پڑا۔ پنجاب کے سرکاری انجینئرز نے ٹیکنیکل الاؤنس کے حصول کی جدوجہد صوبہ خیبر پختونخواہ کے انجینئرز کی کامیاب جدوجہد سے متاثر ہو کر شروع کی تھی۔

اس دھرنے کی امتیازی خصوصیت یہ رہی کہ اس دھرنا سے مختلف محکموں کے محنت کش، جیسے کلرکس، درجہ چہارم کے ملازمین اور ڈرافٹس مینز کے نمائندوں نے باقاعدہ شرکت کے ذریعے اظہار یکجہتی کیا۔ بلکہ اس دوران انجینئرز اور سرکاری محکموں کے دیگر ٹیکنیکل  ملازمین کے ساتھ باقاعدہ اتحاد کی کوششیں بھی ہوئیں جو کہ ایک خوش آئند امر ہے۔ مگر پیشہ ورانہ تنگ نظری کے باعث یہ اتحاد عملی شکل کو نہ پہنچ سکا۔ 

انجینئرز کی اس  فتح کی وجہ،  قیادت میں موجود  کچھ نادان لوگ وزراء کے ’’خلوص‘‘ کو قرار دے رہے ہیں، لیکن اگر یہ فتح کسی حکومتی اہلکار کے خلوص سے ہی ملی ہے تو یہ خلوص اس وقت کہاں تھا جب انجینئرز دفتروں میں اپنا کام کررہے تھے۔ اگر حالیہ کچھ عرصے میں پاکستان میں ملازمین اور محنت کش طبقے کی کسی بھی پرت کی اپنے مطالبات کے حق میں چلنے والی تحریک کا طائرانہ جائزہ بھی لیا جائے تو یہ حقیقت عیاں ہو جاتی ہے کہ تحریک کی کامیابی کی ضمانت صرف اور صرف جدوجہد کی شدت ہے، یوٹیلٹی سٹور ملازمین کی جدوجہد کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

خیبر پختونخوا کے انجینئرز کی کامیاب جدوجہد سے متاثر ہوکر پنجاب کے انجینئرز میدان عمل میں اترے تھے اور اب پنجاب میں انجینئرز کے ٹیکنیکل الاؤنس کی منظوری کےصرف ایک روز  بعد وفاقی اداروں کے انجینئرز بھی ٹیکنیکل الاءنس کے حصول کی باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کر چکے ہیں۔

ریڈ ورکرز فرنٹ، انجینئرز کی اس کامیاب تحریک پر انجینئرز کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور مستقبل میں بھی ملازمین اور محنت کش طبقہ کی تحریکوں کی عملی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

متعلقہ:

لاہور: پنجاب ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز کا ٹیکنیکل الاؤنس کیلئے دھرنا جاری

Comments are closed.