|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|
21 اکتوبر کو سروسز ہسپتال لاہور میں پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی وفد نے گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی کور کمیٹی کے ساتھ ملاقات کی اور سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے جی ایچ اے کی نجکاری مخالف تحریک کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ جی ایچ اے کی قیادت نے ہسپتالوں کی نجکاری کے اس مذموم حکومتی منصوبے کے عوام دشمن اور ملازم دشمن اثرات سے ٹیچرز یونین کے وفد کو تفصیلاً آگاہ کیا۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر ڈاکٹر امتیاز عباسی، چیئر مین تاج حیدر، چیف آرگنائزر اللہ رکھا، مرکزی رہنما رانا رمضان اور دیگر پر مبنی وفد نے بھی جی ایچ اے کی قیادت کو سرکاری سکولوں کو نجی ٹھیکیداروں کے سپرد کرنے کی تعلیم اور عوام دشمن حکومتی پالیسی کے خلاف اپنی جدوجہد سے آگاہ کیا جس پر جی ایچ اے کی قیادت نے انہوں اس معاملے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کا اختتام دونوں شعبوں کی قیادتوں کے اس اتفاق پر ہوا کہ اداروں کی نجکاری ان میں کام کرنے والے محنت کشوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کا مقابلہ بھی طبقاتی جڑت بناتے ہوئے ایک مشترکہ جدوجہد سے ہی کیا جا سکتا ہے۔