|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور|
21 اکتوبر کو دیال سنگھ کالج لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے وفد نے پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن(پپلا) کی مرکزی قیادت کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حکومت کی جانب سے ایم ٹی آئی ایکٹ کے نام پر سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کرنے کی مذموم کوششوں کے متعلق آگاہ کیا۔
ملاقات میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد نے پپلا کی مرکزی قیادت کو ہسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کے نتیجے میں عوام کو پہنچنے والے نقصانات اور شعبہ صحت کے ملازمین کے معاشی قتل عام کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ مزید برآں انہوں نے جی ایچ اے کی جانب سے شروع کی گئی نجکاری مخالف تحریک پر بھی روشنی ڈالی اور پپلا کی قیادت سے اس نجکاری مخالف تحریک کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
پپلا کی قیادت، جس میں مرکزی راہنما غلام مصطفی، مرکزی نائب صدر زاہد اعوان، حسن رشید مرکزی انفارمیشن سیکرٹری، ڈاکٹر احتشام، ڈاکٹر شوکت حیات اور دیگر شامل تھے،نے جی ایچ اے کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور ہسپتالوں کی نجکاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے نجکاری مخالف تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک باقاعدہ پریس ریلیز بھی جاری کی۔
جی ایچ اے کے وفد نے پپلا کی قیادت کا بھر پور شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ اگر سرکاری کالجوں پر نجکاری کا حملہ ہوتا ہے تو وہ پپلا کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس کے خلاف لڑیں گے۔ ملاقات کا اختتام دونوں قیادتوں کے اس اتفاق پر ہوا کہ نجکاری تمام اداروں کے محنت کشوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کے خلاف جدوجہد بھی طبقاتی بنیادوں پر جڑت بناتے ہوئے ہی کی جا سکتی ہے۔