|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر|
پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی سترہ روز سے جاری ہڑتال مطالبات کی منظوری کے بعد ایک ماہ کے لیے موخر کر دی گئی ہے۔ تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی، پنشن کے حصول اور دیگر مطالبات کے حق میں یہ احتجاجی تحریک شروع کی گئی تھی۔
وزیراعظم آزادکشمیر کی سربراہی میں قائم حکومتی کمیٹی نے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی اور مزید مطالبات کی منظوری کے لیے ایک ماہ کا وقت طلب کیا۔ اس کے بعد مختلف ملازمین تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر ایک ماہ تک ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ اگر منظوری کے ایک ماہ بعد بھی ان کے مطالبات پر کوئی عملدرآمد نہ ہوا تو دوبارہ ہڑتال کا آغاز کیا جائے گا۔
مشاورتی اجلاس میں پی ڈی اے ملازمین کی ہڑتالی ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری ندیم انجم، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے صدر افتخار شاہین اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
ریڈ ورکرز فرنٹ کے وفد نے بھی ہڑتالی کیمپ میں ملازمین کے ساتھ یکجہتی کی اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت کی اور اُن کی جدوجہد کو سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی اُن کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہنے کا عزم کیا۔