|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، راولاکوٹ|
شہدائے شکاگو کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرنے اور آج کے عہد میں مزدور تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے ریڈ ورکرز فرنٹ کے زیر اہتمام راولاکوٹ میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے ملک گیر عام ہڑتال کا بینر اور سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کا آغاز ریڈ ورکرز فرنٹ راولاکوٹ کے دفتر سے کیا گیا اور شرکا ”تیرا راج میرا راج۔۔ مزدور راج مزدور راج“ اور”یوم مئی کا پیغام۔۔۔عام ہڑتال! عام ہڑتال!“ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ احاطہئ عدالت میں ریلی کے شرکا سے ریڈ ورکر فرنٹ راولاکوٹ کے رہنما اظہر ریاض اور جاذب سلیم نے خطاب کیا جس کے بعد ریلی کے شرکا نعرے بازی کرتے ہوئے یوم مئی کے مرکزی جلسے میں شریک ہوئے جو پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔
جلسے کے شرکاء نے ریڈ ورکرز فرنٹ کی ریلی کا پر جوش نعروں کے ذریعے استقبال کیا۔ یوم مئی کے اس مرکزی جلسے میں محنت کشوں کی تقریباً سبھی تنظیموں کے کارکنان اور قائدین شریک تھے۔ اس جلسے میں پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) اور ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کی جانب سے ایک سٹال بھی لگایا گیااور بڑی تعداد میں لال سلام میگزین اور ورکر نامہ فروخت کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ بڑی تعداد میں ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے یومِ مزدور کے موقع پر خصوصی طور پر شائع کیا جانے والا لیف لیٹ بھی تقسیم کیا گیا۔
جلسے کے آغاز میں PWD ورکرز یونین کی جانب سے چھ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی صورت میں اپنے فوری مطالبات پیش کرتے ہوئے حکومت سے ان کی منظوری کا نو ٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ان مطالبات میں ورک چارج ملازمین کی فوری مستقلی، حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کم از کم پندرہ ہزارتنخواہ پر عملدرآمد، رسک الاؤنس کی منظوری اور لیبر ہال کی تعمیر جیسے مطالبات شامل تھے۔ جلسے سے فنی ملازمین برقیات، ایپکا، پی ایم اے اور PWD کے قائدین کے علاوہ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان سمیت دیگر طلبہ و سیاسی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں مزدوروں کو درپیش مسائل کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے جدوجہد کو زیادہ منظم انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ موجودہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں اور اقدامات کی بھر پور مذمت کی گئی۔ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے اپنے خطاب کے دوران مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک ملک گیر عام ہڑتال کی ضرورت اور اس کی تیاری کی اہمیت کی وضاحت کی، جس کو بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی۔
تقریب کی اختتامی تقریر PWD یونین کشمیر کے مرکزی صدر نے افتخار شاہین نے کی جنہوں نے اپنی بات کا آغاز ہی ریڈ ورکرز فرنٹ کے بینر پر درج عام ہڑتال کے نعرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کیا اور یہ واضح کیا کہ عام ہڑتال نہ کر سکنے کی وجہ سے ہی مزدور اپنے مطالبات منوانے اور ان پر عمل درآمد کرانے میں اکثر ناکام رہتے ہیں۔ اس لئے نہ صرف عام ہڑتال کا نعرہ آج کے عہد کی بنیادی ضرورت ہے بلکہ ہم سب کو عام ہڑتال منظم کرنے کے لئے جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ راولاکوٹ میں منعقد ہونے والی اس یوم مئی کی تقریب کا اختتام آنے والے دنوں میں ایک عام ہڑتال کی تیاری کے عزم پر ہوا۔