|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر|
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کی کال پر پاکستان زیر انتظام کشمیر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر پچھلے دو ہفتوں سے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات میں وفاق کے مساوی تنخواہ، مستقل ملازمت اور صحت کے بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی شامل ہیں۔
اس سلسلے میں کشمیر کے ڈاکٹر پچھلے دو ہفتوں سے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں اور مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیے ہوئے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اس احتجاج کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے شعبہ صحت کے دیگر ملازمین اور تنظیموں سے حمایت اور یکجہتی کی اپیل بھی کی جس پر پی ایم اے، ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن، ینگ نرسز ایسوسی ایشن، پیرا میڈیکل سٹاف اور لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کی طرف سے مذکورہ بالا مطالبات کی مکمل حمایت کے ساتھ اس احتجاج میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔
حکومت کی طرف سے ابھی تک اس ضمن میں کوئی سنجیدہ اقدام دیکھنے میں نہیں آیا جس کے باعث کشمیر کے تمام اضلاع میں ڈاکٹر اور شعبہ صحت کے ملازمین کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں۔
ریڈ ورکرز فرنٹ، ڈاکٹروں اور شعبہ صحت کے ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وائے ڈی اے آزاد کشمیر کو دیگر تنظیموں کے ساتھ جڑت بنانے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس اتحاد کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تا کہ پورے ملک کے محنت کش منظم ہو کر ایک ملک گیر عام ہڑتال کی جانب بڑھ سکیں۔ اسی طریقے سے نا صرف موجودہ مطالبات کیلئے جدوجہد کی کامیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے بلکہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کیلئے محنت کشوں کے اتحاد اور طاقت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔