|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، کراچی|
تھل انجینئرنگ، محنت کشوں کا ہار ماننے سے انکار، فیکٹری کے تھرمل ڈیپارٹمنٹ کے محنت کش دھرنے پر بیٹھ گئے، مطالبات مانے جانے تک ڈٹے رہنے کا عزم، آج سے فیکٹری کے دیگر ڈیپارٹمنس کے محنت کش بھی دھرنے میں شامل ہوں گے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ ،تھل کے محنت کشوں کی جدوجہد میں مکمل توانائی کے ساتھ شریک۔
تفصیلات کے مطابق 10جنوری کے روز تھل کے محنت کشوں نے انتظامیہ کے مذاکراتی ناٹکوں اور قانونی طفل تسلیوں سے تنگ آ کر دھرنے کا آغاز کر دیا۔ پہلے روز فیکٹری کے ایک ڈیپارٹمنٹ تھرمل کے محنت کشوں نے دھرنے کا آغاز کیا اور سارا دن کام چھوڑ ہڑتال جاری رہی۔ محنت کشوں کاسب سے بڑا مطالبہ یہ ہے کہ تھل کے 22 محنت کشوں کو جنہیں انتظامیہ نے ملازمتوں سے برطرف کیا ہوا ہے انہیں فوری طور پر بحال کیا جائے اور ان کے تمام واجبات ادا کیے جائیں۔ دیگر مطالبات میں محنت کشوں کی نمائندہ یونین کو تسلیم کیے جانا اور انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی پاکٹ یونین کاخاتمہ ہے۔ جبکہ میڈیکل، 5فیصدکے ساتھ دیگر الاوئنسز،پنشن اور دیگر مطالبات بھی شامل ہیں۔
اس موقع پرمزدوروں کے ساتھ یکجہتی کے لیے تھل سے نکالے گئے محنت کشوں کے ساتھ ساتھ، ریڈ ورکرز فرنٹ اور کورنگی انڈسٹریل ایریا لیبر یوتھ کے ساتھی بھی سارا دن فیکٹری کے باہر موجود رہے اور فیکٹری میں دھرنے پر بیٹھے محنت کشوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے رہے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ محنت کشوں کو جرأت مندانہ اقدام کرنے پر مبارکباد دیتا ہے۔اور ضرورت پڑنے پر نہ صرف تھل میں بلکہ پورے ملک میں محنت کشوں کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔