رپورٹ: |ورکر نامہ|
فتح علی کیمیکلز میں مزدوروں کے حقوق کی لڑائی لڑنے کے جرم میں فیکٹری ورکر کامران خان کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے کی جانے والی غیر قانونی کنسٹرکشن، جو کہ مزدوروں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے،کے خلاف احتجاج کے جرم میں کامران کو برطرف کیا گیا۔ غیرقانونی تعمیر کے خلاف سینکڑوں مزدور سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع سائٹ انڈسٹریل ایریامیں فتح علی کیمیکلز، جو کہ ایک سرف بنانے والی کمپنی ہے اورجس میں 650 سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں جو سب کے سب ٹھیکیداری نظام کے تحت کنٹریکٹ ملازمین ہیں جبکہ ان ملازمین کو فیکٹری میں کام کرتے ہوئے دس سے بارہ سال کا عرصہ بیت چکا ہے مگر تاحال ان کو مستقل ملازمتیں نہیں دی گئیں۔ فیکٹری میں ایک پاکٹ یونین موجود ہے جو مالکان کی جی حضوری اور مستقل ملازمین کی تھوڑی سی تعداد کی مراعات حاصل کرنے پر کمربستہ ہے۔ پاکٹ یونین کا ڈیلی ویجز ملازمین کی جانب رویہ سردمہری پر مبنی ہے جو انتہائی اذیت ناک حالات میں کام کر رہے ہیں۔
یہ کمپنی ملٹی نیشنل کمپنی یونی لیور(Uni Lever )کے لیے سرف ایکسل بناتی ہے اور کروڑوں روپے منافع بٹورتی ہے مگر محنت کشوں کو انتہائی کم اجرتیں ادا کی جا رہی ہیں اور وہ بھی وقت پر ادا نہیں کی جاتیں۔ دوماہ قبل فیکٹری کے ایک ورکر کامران خان کی قیادت میں سینکڑوں مزدوروں نے کمپنی کی جانب سے کی جانے والی غیرقانونی اور غیرمحفوظ کنسٹرکشن کے خلاف اس وقت احتجاج کیا جب کام کرتے ہوئے کئی مزدور پائپ گرنے اور دوسرے واقعات کی وجہ سے شدید زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ مزدوروں کا یہ احتجاج 72 گھنٹے تک جاری رہا، مگر کمپنی کی انتظامیہ نے مزدوروں کے مطالبات کو ماننے کے بجائے مزدور لیڈر کامران خان کو ہی ملازمت سے نکال دیا، جس سے مزدوروں کے احتجاج میں مزید شدت آئی۔ تب یونی لیور کے نیشنل سیکیورٹی انچارج نے مداخلت کرتے ہوئے ملازمین سے وعدہ کیا کہ وہ کامران خان کو ملازمت میں بحال کرائے گا اور غیر قانونی تعمیر بھی ختم کرائے گا۔ لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔
ریڈ ورکرز فرنٹ مطالبہ کرتا ہے کہ فتح علی کیمیکلز کے مزدوروں کی اجرتوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات فوراً تسلیم کیے جائیں، غیر قانی تعمیر کو ختم کیا جائے، مزدور رہنما کامران خان کو ملازمت پر بحال کیا جائے اور کنٹرکیٹ ملازمین کو مستقل ملازمت دی جائے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ فتح علی کیمیکلز کے محنت کشوں کو یقین دلاتی ہے کہ وہ ان کی جد وجہد میں مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے۔