رپورٹ: |محمد ابنِ ثناء|
اتحادِ اساتذہ گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ کالج گوجرانوالہ میں پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن(PPLA) کے الیکشن 2016ء کے سلسلہ میں گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام کالجوں سے نمائندوں کا ایک انتخابی اجلاس منعقد ہوا جِس میں اتحادِ اساتذہ سے منسلک مردو خواتین نمائندوں اور ڈویژن بھر سے 200 کے قریب اساتذہ نے شرکت کی۔ اتحادِ اساتذہ پنجاب کی قیادت میں سے حافظ عبدالخالق ندیم نے دیگر نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ۔ اِس کے علاوہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام نامزد امیدواران نے اجلاس میں شرکت کی۔
قائدین نے اپنے خطاب میں اِتحادِ اساتذہ پنجاب کا انتخابی منشور پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسا تذہ کے دیرینہ مطالبات کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی کی ذیلی تنظیم تحریکِ اساتذہ نے پچھلے چھ سالوں میں مصلحت کوشی سے کام لیا۔ اجتماعی مسائل حل کرنے کی بجائے حکومت سے اپنے ذاتی اور گروہی مفادات حاصل کیے جس سے نجکاری کیخلاف جدوجہد معطل رہی۔ ایڈ ہاک اساتذہ ریگولر ہوتے وقت تنخواہ اور سروس کے تحفظ سے محروم رہے۔ اساتذہ کی ترقیوں کیلئے ٹائم سکیل کے حصول میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ قائدین نے منتخب ہونے کی صورت میں اساتذہ کے اجتماعی مفادات حاصل کرنے کیلئے ہر قِسم کی مصلحت کوشی سے اجتناب کا عزم دہرایا،اور وعدہ کیا کہ وہ اساتذہ برادری کیلئے جدوجہد کریں گے اوران کے تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے نامزد صدر محمد محبوب عارف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اساتذہ کے حقوق کیلئے بھرپور کوشش کریں گے جبکہ ڈویژنل جنرل سیکرٹری کے امیدوار محمد جہانزیب ڈھلوں نے تحفظِ تنخواہ اور تحفظِ سروس کے حصول کی کوشش کرنے کا عزم کیا اور واضح کیا کہ کنٹریکٹ سے مستقل ہونے والے اساتذہ اور اساتذہ سکالرشپ کے جتنے مسائل ہیں اسکی بڑی وجہ تحریکِ اساتذہ کا تعلیم دشمن رویہ اوراساتذہ کے ساتھ ظلم وزیادتی کو کیش کروانے کی پالیسی ہے۔ انہوں نے یہ عہد کیا کہ وہ گوجرانوالہ ڈویژن میں اتحادِ اساتذہ کے پینل سے فتح یاب ہوکر اساتذہ اور طلبہ کے حقوق کی جدوجہد کریں گے اور طلباء و اساتذہ کے درمیان ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دیں گے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ(RWF) کے نمائندے اتحادِ اساتذہ کیساتھ اظہاریکجہتی کے لئے پروگرام میں شریک تھے اور انھوں نے اساتذہ کے درمیان نجکاری مخالف لیف لیٹس بھی تقسیم کیے۔