|عالمی مارکسی رجحان|
مندرجہ ذیل لیف لیٹ، عالمی مارکسی رجحان کی جانب سے، ایرانی نوجوانوں کی انقلابی تحریک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر منعقد ہونے والے مظاہروں اور تقریبات کے اندر تقسیم کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اس میں ہمارا موقف پیش کیا گیا ہے کہ کیسے اس متاثر کُن تحریک کو آگے بڑھنا چاہیے۔ ملّا حکومت مردہ باد! سامراجیت مردہ باد! سرمایہ داری مردہ باد!
نوجوان کرد خاتون ژینا مھسا امینی کے قتل نے ایران کے اندر انقلابی عوامی تحریک کو اشتعال دیا ہے۔ یہ تحریک حکمران طبقے کی مسلط کردہ تمام تفریقات کو بہا لے جا رہی ہے: چاہے وہ مرد و خواتین کے بیچ ہوں؛ یا فارسی، کرد، آذری، بلوچ اور عرب قومیتوں کے بیچ۔ یہ سب ملّاوں کی بوسیدہ حکومت کے خلاف شانہ بہ شانہ لڑ رہے ہیں۔
مگر یہ تحریک اچانک سے وجود میں نہیں آئی ہے: پچھلے پانچ سال اسلامی جمہوریہ کی تاریخ کے انتہائی ہنگامہ خیز سال رہے ہیں۔ 2018ء سے مختلف بے شمار مسائل کے گرد ملک گیر اور مقامی سطح کی جدوجہد کا سلسلہ دیکھنے کو ملا ہے، جن میں پانی کی قلت سے لے کر افراطِ زر تک اور نجکاری سے لے کر کرپشن تک کے ساتھ ساتھ یوکرائن انٹرنیشنل ایئر لائنز فلائٹ 752 کے مار گرائے جانے کے خلاف بڑے احتجاج شامل ہیں۔ قومی اقلیتوں کے اوپر جبر، اور دیگر جمہوری حقوق سمیت شعبہ صحت، تعلیم، پنشن اور اجرتوں وغیرہ پر ریاستی حملوں کے خلاف بھی تحریکیں ابھری ہیں۔ حالیہ عرصے میں 1979ء کے انقلاب کے بعد محنت کشوں کی سب سے بڑی ہڑتالیں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔ ماضی میں یہ عام ہڑتال ہی تھی، بالخصوص تیل کے شعبے کے محنت کشوں کی ہڑتال، جس نے شاہی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
موجودہ تحریک کے پاس ان تمام اقسام کی جدوجہدوں کو حکومت کے خلاف ایک انقلابی تحریک کی صورت میں متحد کرنے کا موقع دستیاب ہے۔ محنت کش طبقہ ایک انقلابی عام ہڑتال منظم کر کے اس کے لیے راہ ہموار کر سکتا ہے۔ اس طریقے سے، ایران کے مزدور سارے جبر و استحصال کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی بنیادیں ڈال سکتے ہیں: اپنے آپ کو بطورِ طبقہ منظم کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر کے۔
سرمایہ داری، ایک صدی سے، اپنی تمام شکلوں اور تبدیلیوں کے باوجود، ایرانی سماج کو آگے بڑھانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ایک ایسی قیادت تعمیر کرنے کا وقت آ چکا ہے جو اس مہلک سرطان اور اس کے محافظ حکمران طبقے کی جڑیں کاٹنے کے لیے محنت کش طبقے اور غریبوں کو فیصلہ کُن طور پر متحرک کر سکے۔
یہ فریضہ محض ایران کے اندر ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی درپیش ہے! اس انقلابی تحریک کے پیچھے کارفرما بحرانات کا اظہار اگرچہ ایران کے اندر زیادہ واضح اور جابرانہ انداز میں ہو رہا ہے، مگر وہ پوری دنیا میں موجود ہیں: آسمان کو چھوتا افراطِ زر اور محنت کش طبقے اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی غربت۔اور اس کے ساتھ ساتھ نسل پرستی اور صنفی جبر کے ذریعے رجعتی تقسیم بھی پھیلائی جا رہی ہے۔
اسی لیے، ہم مندرجہ ذیل پروگرام پیش کر رہے ہیں:
– مرگ بر آمر! اسلامی جمہوریہ مردہ باد! حکومت کا تختہ الٹتے ہوئے انقلاب کی جانب بڑھو!
– زن، زندگی، آزادی! تقسیم اور نسل پرستی مردہ باد! مکمل جمہوری حقوق کے لیے اور ہر قسم کے جبر اور تعصب کے خلاف مرد و خواتین، تمام نسلی گروہوں اور تمام مظلوموں کی مشترکہ جدوجہد زندہ باد!
– روٹی، روزگار، آزادی! ایران کا محنت کش طبقہ زندہ باد! حکومت کا تختہ الٹنے اور سرمایہ دارانہ استحصال کا خاتمہ کرنے کے لیے عام ہڑتال منظم کرنے کی جانب بڑھو!
– تمام محنت کشوں کو بنیادی ضروریات کے لیے درکار کم از کم اجرت اور مستقل روزگار فراہم کیا جائے، اور بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ ایسا کرنے کی خاطر کلیدی معاشی شعبہ جات کو لازمی طور پر قومیاتے ہوئے محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے!
– عوام کو انقلابی طور پر اپنا آپ منظم کرنا ہوگا: مزاحمتی کمیٹیاں جہاں پر موجود نہ ہوں وہاں پر قائم کرنی ہوں گی، اور جہاں پہلے سے موجود ہوں وہاں انہیں مزید پھیلانے کی ضرورت ہے۔ تمام کار خانوں، اضلاع، دیہات، یونیورسٹیوں اور سکولوں کے اندر کونسلوں کو منتخب کرنا ہوگا اور جدوجہد منظم کرنے کے لیے انہیں مقامی اور قومی سطح پر جوڑنا ہوگا!
– منظم ہونے کے لیے بنائی گئی ان انقلابی کونسلوں کو آئین ساز اسمبلی کا اجلاس بلانا ہوگا!
– معاشی پابندیاں مردہ باد! سامراجیوں کی مداخلت مردہ باد جو ایرانی محنت کش عوام کے استحصال اور جبر کو کسی اور بینر تلے جاری رکھنا چاہتے ہیں!
– بادشاہت کی جانب واپسی مردہ باد!، بورژوا اور سامراج دوست موقف مردہ باد! آزادی کی چابی فقط عوام کے اپنے ہاتھوں میں ہے!
– ایران سمیت مشرقِ وسطیٰ اور پوری دنیا میں موجود تمام جابر اور استحصال کرنے والے مردہ باد!، سرمایہ داری مردہ باد! محض دیگر ممالک، خطوں اور پوری دنیا کے مزدور، کسان، مظلوم خواتین اور نوجوان ہی انقلابی ایرانی عوام کے حقیقی دوست ہیں۔ بین الاقوامی یکجہتی زندہ باد!
– سوشلسٹ انقلاب کی جانب بڑھو! کمیونزم کی جانب بڑھو!
سرمایہ داری کا تختہ الٹنے اور ہر قسم کے جبر اور استحصال کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکنے کے لیے محنت کش طبقے اور نوجوانوں کو ایک انقلابی تنظیم کی ضرورت ہے۔ اس عالمی انقلابی تنظیم کی تعمیر کے لیے عالمی مارکسی رجحان (آئی ایم ٹی) دنیا بھر میں کام کر رہا ہے۔ اگر آپ اس پروگرام سے متفق ہیں، تو ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کریں!