حیدرآباد: واسا کے محنت کشوں کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ!

|رپورٹ: حیدرآباد، انقلابی کمیونسٹ پارٹی|

 

مورخہ 5 جون بروز بدھ سے لے کر 8 جون تک واسا مزدور یونین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا لگایا گیا۔ جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

یہ احتجاج دو نکاتی مطالبات کے گرد منظم کیا گیا جن میں 6 مہینوں کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور پنشن کی ادائیگی جیسے بنیادی مطالبات شامل تھے۔ محنت کشوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں سے واسا انتظامیہ کا محنت کش ملازمین کے ساتھ یہی رویہ ہے۔

بغیر احتجاج کے تنخواہوں کے حصول کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ ہر عید کا تہوار خوشیوں کے بجائے غم و دکھ کا منظر پیش کرتا ہے۔ جبکہ افسران کی عیاشیوں کے لیے کوئی پیسے کی کمی نہیں ہے۔ خزانہ صرف محنت کشوں کو تنخواہ دینے کے وقت خالی ہوتا ہے۔

محنت کشوں نے مطالبہ کیا کہ ہماری تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ واسا کو محنت کش اپنی محنت کے ذریعے چلاتے ہیں، تبھی پانی کی سپلائی شہریوں کو ہوتی ہے۔ ہمیں پانی کی سپلائی بند کرنے کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔

احتجاجی مظاہرے میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے شرکت کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی، واسا مزدور یونین کے تمام مطالبات کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اس احتجاج کے بعد واسا کے محنت کش دو مہینے کی تنخواہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ لیکن کئی مہینوں کی تنخواہ ان کو ابھی تک نہیں ملی ہے۔ واسا کے محنت کشوں کو اپنے تمام مطالبات کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہو گی، اس مسئلے پر انہیں دوسرے اداروں کے محنت کشوں سے بھی حمایت کی اپیل کرنی ہو گی اور بالخصوص واسا یونین کو محنت کشوں کے حقوق کی اس لڑائی میں لڑاکا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی محنت کشوں کو یہ باور کراتی ہے کہ یہ حکمران و افسران فقط محنت کشوں کو تنگ کرنے اور ان کی زندگیوں کو عذاب بنانے کے لیے بیٹھائے گئے ہیں ان کو فقط بزورِ طاقت ہی شکست دی جا سکتی ہے جس کے لیے تمام ادارہ جاتی تعصبات سے بالاتر ہو کر محنت کشوں کی ملک گیر ہڑتال منظم کرنا ہو گی۔

Comments are closed.