|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، حب|
حب کی نجی صنعتوں میں مزدوروں کا استحصال انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ فیکٹریوں کو بیگار کیمپوں میں تبدیل کرکے مزدوروں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔ ایگرو انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ، ناسا کیمیکل پرائیویٹ لمیٹڈ، این پی کاٹن پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی اور سنیک بائیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ محنت کشوں کے استحصال میں اپنی مثال آپ ہیں جہاں مزدور انتہائی کم اجرت اور شدید کسمپرسی کے حالات میں کام کرتے ہیں۔ ان کو تقرر نامے نہیں دئیے جاتے اور ای او بی آئی، سوشل سکیورٹی اور سوشل ویلفیئر جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ آئے روز مزدوروں کو بلاجواز بے دخل کر کے ان کے لیے فیکٹری گیٹ بند کر دیا جاتا ہے۔ ہر وقت انتظامیہ ان کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دھونس دھمکیاں دیتے ہیں اور گالم گلوچ سے بھی باز نہیں آتے۔ مذکورہ کمپنیوں میں سینکڑوں ملازم کام کرتے ہیں۔
گزشتہ روز کئی ملازمین کو بلا وجہ ان فیکٹریوں جبری برطرف کردیا گیا۔ ظلم کی انتہا تو یہ ہے کہ انتظامیہ برطرف مزدوروں کو خاموش رہنے کی تلقین کر رہی ہے اور احتجاج اوراپنے حق کے لیے آواز اٹھا نے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ برطرف مزدوروں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جانوروں سے بد تر سلوک کیا جاتا تھا۔ ایگرو انٹرنیشنل لمیٹڈ میں صحت اور سیکیورٹی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ مزدوروں انتہائی رسک کی حالت میں کرتے ہیں۔ کام کے دوران حادثات معمول کا حصہ ہیں۔ فیکٹری کے اندر جو رہائش دی جاتی ہے وہ جیل سے بھی بدتر ہے جہاں انسان تو کیا جانوروں کو بھی نہیں رکھا جاسکتا۔ کام کے دوران کئی مزدور حادثات میں زخمی ہوئے ہیں اور چند روز قبل ایک مزدوروں کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا اور ایک مزدور چھت سے گر شدید زخمی ہوا ہے۔ زخمی مزدور کا ہسپتال میں چند دن علاج کرانے کے بعد دوبارہ فیکٹری میں کام پر لگا دیا گیاہے اور کسی کو پتہ تک نہیں کہ اس کی حالت کیسی ہے اور مرنے والے مزدور کے حادثے کے چھپانے کی حتی الوسع کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف حکمران طبقے اور محنت کشوں کے لیے بنائے گئے نام نہاد ادارے مزدوروں پر ظلم، جبر اور استحصال پر اپنی آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ حکومت نے جو اعلانات کیے ہیں یا نام نہاد لیبر لاز بنائے گئے ہیں ان پر کوئی فیکٹری عمل درآمد نہیں کرتی مگر پھر بھی حکمران اور ریاستی ادارے خاموش ہیں بلکہ پس پردہ مزدور کے استحصال میں شریک ہیں۔ ایسے میں محنت کشوں کو متحد ہوکر اپنی حقوق اور بقاء کی جنگ خود لڑنا ہوگی اور ریڈ ورکرز فرنٹ ہر سطح پر اور ہر میدان میں محنت کشوں کے لیے جد وجہد کرتا رہے گا۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ
1۔ تمام برطرف مزدوروں کو بحال کیا جائے۔ مکمل اور بروقت تنخواہیں اور کرونا وائرس کی وجہ سے رسک الاؤنسز کو یقینی بنایا جائے۔
2۔ تمام مزدوروں کو تقرر نامے دیئے جائیں اور تمام مزدوروں کو ای او بی آئی، سوشل سکیورٹی، سوشل ویلفیئر بورڈ میں رجسٹر کرکے بنیادی سہولیات فراہم فراہم کی جائیں۔
3۔ دوران کام تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
4۔ ایگرو انٹرنیشنل لمیٹڈ زخمی مزدور کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات اور مکمل صحتیابی تک مکمل تنخواہ دی جائے۔
5۔ دوران کام ہلاک ہونے والے مزدور کے لواحقین کو پچیس لاکھ روپے اور بیوہ کو تا حیات ایک مزدور کے برابر تنخواہ دی جائے۔