محنت کشوں میں انقلابی اسٹڈی سرکل کیسے منظم کیا جائے؟

محنت کش طبقے کی ہر اول پرتوں کو کمیونسٹ نظریات سے روشناس کراتے ہوئے انہیں منظم کرنا انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے اہم ترین فرائض میں سے ایک ہے۔ اس مقصد کے لیے ملکی سطح پر فیکٹریوں، ملوں، عوامی اداروں اور مزدور بستیوں میں محنت کشوں پر مشتمل انقلابی اسٹڈی سرکلز کے انعقاد کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان اسٹڈی سرکلز کا آغاز فوری طور پر ہر اس جگہ پر کیا جا سکتا ہے جہاں ہمارے پاس دو سے تین مزدور رابطے موجود ہوں اور وقت کیساتھ ان میں محنت کشوں کی شرکت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان اسٹڈی سرکلز کی کامیابی اور محنت کشوں کی ان میں دلچسپی کے لئے ضروری ہے ان میں محنت کشوں کیساتھ لگے بندھے ٹریڈ یونین سطح کے مسائل سے آگے بڑھ کروہ موضوعات زیر بحث لائے جائیں جن کے متعلق جاننے کی وہ شدید تمنا رکھتے ہیں اور یہ باتیں انہیں اس سرکل کے علاوہ کہیں اور سننے کو نہیں ملتیں۔

ان میں ملکی وعالمی سیاست و معیشت پر مارکسی تجزیہ و تناظر، سرمایہ دارانہ نظام کا مارکسی تجزیہ اور اس کا سوشلسٹ سائنسی متبادل، مزدور تحریک اور انقلابات کی تاریخ، طبقاتی سماج کی تاریخ، فلسفہ اور آرٹ، انقلابی پارٹی کی ضرورت و اہمیت جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے بحث مباحثے کے ساتھ ساتھ ”کمیونسٹ“ اخبار میں شائع ہونے والے مواد اور کمیونسٹ اساتذہ کی اہم تصانیف کا مشترکہ مطالعہ بھی کیا جانا چاہئے۔

یہاں سرکل آرگنائز کرانے والے پارٹی کارکنان کی انقلابی قابلیت کا بھی امتحان ہو گا کہ وہ کس طرح مشکل موضوعات کو سادہ ترین الفاظ اور ٹھوس مثالوں کے ذریعے محنت کشوں تک پہنچاتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے انہیں ایک تو کمیونسٹ نظریات پر اپنی گرفت کو مسلسل بہتر کرنا پڑے گا وہیں رائج الوقت پیٹی بورژوا تعصبات کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا جن کے مطابق یہ دقیق نظریات تو صرف ’پڑھے لکھے‘ ڈگری یافتہ خواتین و حضرات کے لیے ہیں اور محنت کش تو انہیں سمجھنے کی ذہنی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔

ان علمی موضوعات کے ساتھ ساتھ ورکرز کے روز مرہ کے مسائل پر تبادلہ خیال، محنت کشوں کے فوری مطالبات کی جدوجہد اور اس میں عملی کردار ادا کرنے کی منصوبہ بندی بھی اسٹڈی سرکل میں زیر بحث آنی چاہئے۔ یعنی سرکل ایک طرف تو محنت کشوں کو سوشلسٹ نظریات سے روشناس کرائے وہیں دوسری طرف ان کے فوری مسائل، حالات زندگی اور جدوجہد کیساتھ بھی جڑا ہو۔

یہاں یہ وضاحت کرنا بھی ضروری ہے کہ کسی بھی مزدور اسٹڈی سرکل کو لاامتناہی طور پر نہیں چلنا چاہئے بلکہ ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہئے کہ ہر ایک سرکل اپنے ارد گرد مزید سرکلز کو جنم دیتے ہوئے خود اپنے شرکا کی پارٹی میں شمولیت کی بدولت باقاعدہ پارٹی برانچ میں تبدیل ہو جائے۔

Comments are closed.