|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، کوئٹہ|
11ستمبر کو صوبائی سنڈیمن ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیرِ اہتمام 16 تنظیموں پر مشتمل محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے نمائندہ قیادت کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں تمام تنظیموں کی قیادت نے مل کر شعبہ صحت کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس تشکیل دیا، جس میں شامل تنظیموں کے ناموں کی تفصیل درج ذیل ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ہیلتھ منیجمنٹ کیڈر بلوچستان، آل پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن، آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن، آل پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن 2016، ینگ نرسز ایسوسی ایشن، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن، ینگ نرسز ایسوسی ایشن نظریاتی، ینگ پروگریسیو فارما سسٹ بلوچستان، ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن، بلوچستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن، ای پی آئی ایمپلائز بلوچستان، نیشنل پروگرام ایمپلائز یونین بلوچستان شامل ہیں۔
جس کا چیئرمین ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کے سپریم کونسل کے وائس چیئرمین ڈاکٹر بہارشاہ کو متفقہ رائے سے منتخب کیا گیا ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان محکمہ صحت میں ہسپتالوں کی پرائیوٹائزیشن، ایڈ ہاک، کنٹریکٹ پالیسیوں اور ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے داخلی گیٹ پر 14 ستمبر 2024ء کو پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے نو منتخب چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، بالخصوص، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت ہسپتالوں کو ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے اور کنٹریکٹ بنیادوں پر ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کی بھرتیوں کے غیر منصفانہ فیصلوں کو یکسر رد کرتے ہیں۔
تمام تنظیموں نے یک زبان ہو کر اعلان کیا کہ یہ پالیسیاں نہ صرف صحت کے شعبے کو برباد کر دیں گی بلکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر دیں گی۔ اس کے بعد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یونین قائدین کا کہنا تھا کہ ہم حکومت بلوچستان کو تنبیہ کرتے ہیں کہ تمام صحت کی تنظیمیں ایک پیج پر ہیں اور اگر حکومت نے اپنے عوام دشمن فیصلے واپس نہ لیے تو سخت ترین احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی تحریک ہر سطح پر جاری رہے گی اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا جب تک حکومت اپنے فیصلے واپس نہیں لیتی۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی گرینڈ ہیلتھ الائنس کی تشکیل کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس فیصلے پر محکمہ صحت کے تمام تر ملازمین و محنت کشوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ جبکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے پلیٹ فارم سے نا اہل صوبائی حکومت اور کرپٹ بیوروکریسی کے مزدور و عوام دشمن اقدامات کے خلاف جو بھی جدوجہد ہو گی انقلابی کمیونسٹ پارٹی اس تمام تر جدوجہد میں صف اول پر کھڑی رہے گی۔