|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، فیصل آباد|
پیپسی کولا فیکٹری فیصل آباد کے مزدوروں کا جبری برطرفیوں، واجبات کی عدم ادائیگی،ٹھیکیداری نظام اور جھوٹے مقدمات کے اندراج کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ احتجاجی مظاہرے میں پیپسی کولا فیکٹری فیصل آباد سے جبری برطرف کیے گئے محنت کشوں کے ساتھ ساتھ ریڈ ورکرز فرنٹ کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پیپسی کے محنت کشوں نے مزدور دشمن انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ ان کو واپس ملازمتوں پر بحال کیا جائے اور واجبات کی فی الفور ادائیگی کی جائے۔
پیپسی کولا کی مزدور دشمن انتظامیہ کے خلاف برطرف محنت کشوں نے کی پرامن اور منظم جدوجہد کوایک سال بیت گیا لیکن کہیں سےبھی شنوائی نہ ہوئی۔ پریس کلب پہنچے تو میڈیا غائب۔ DCOآفس کے سامنےدھرنا دیا پر کوئی داد رسی نہیں۔ لیبرڈیپارٹمنٹ میں واجبات کے لیے کیس فائل کیا تو تاریخ پہ تاریخ ملی۔ آخر کارنام نہاد اداروں سے انصاف کےلیے تھک ہار کر گذشتہ روز پیپسی کے محنت کشوں اور ریڈورکرز فرنٹ کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کا آغازضلع کونسل چوک سے ہوا ۔ ریلی میں پیپسی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی ضلع کونسل چوک سے پریس کلب کچہری چوک سے گھوم کر دوبارہ پریس کلب پہنچی۔
ریلی کے اختتام پر ریڈورکرز فرنٹ فیصل آباد کے مرکزی آرگنائزر عبداللہ رحمت نے خطاب کیا اور کہا کہ یہ نام نہاد ریاستی ادارے جو عوام کے نام پر بنے ہیں، حقیقت میں یہ ریاستی ادراےعوامی یعنی محنت کشوں کے لیے نہیں ہیں بلکہ یہ بڑے بڑے سرمایہ داروں، فیکٹری اورمل مالکان کے ادارے ہیں۔ یہ انہیں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ ہمیں ان اداروں سے کو ئی آس امید نہیں لگانی چاہیے بلکہ اپنے حقوق کی لڑائی کو دوسری صنعتوں کے مزدورں تک لے جانا ہوگا۔ ایک شہر سےدوسرے شہروں تک لے جانا ہوگا۔ ہم محنت کشوں کوایک دوسرےکی لڑائی کو لڑنا ہوگا اور فوری لڑائی کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک ایسی لڑائی کے لیے بھی منظم ہونا ہو گا جس میں ہم اس سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب کر سکیں اور ایک ایسا سماج قائم کر سکیں جس میں استحصال، ظلم زیادتی، نا انصافی، لاعلاجی، بے روزگاری بربریت جیسی کوئی بیماری نہ ہو۔ آگے بڑھو ساتھیو فتح ہماری ہو گی۔